سعودی عرب افریقہ میں بے گھر افراد کی مدد کےلیے ڈونر کانفرنس کی میزبانی کرے گا
خطے میں تقریبا 33 ملین افراد کو فوری انسانی امداد کی ضرورت ہے (فائل فوٹو: اے پی)
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے کہا ہے کہ’ سعودی عرب 26 اکتوبر کو افریقہ میں بے گھر افراد کی مدد کے لیے ڈونر کانفرنس کی میزبانی کرے گا‘۔
ایس پی اے کے مطابق او آئی سی کے تعاون سے یہ کانفرنس نائجیریا، نائیجر، چاڈ، کیمرون، برکینا فاسو اور مالی میں شدید انسانی بحران کے حوالے سے منعقد کی جارہی ہے۔
کانفرنس وسائل کو متحرک کرنے کے ساتھ ساحل اور جھیل چاڈ کے علاقے میں لاکھوں لوگوں کو اہم امداد فراہم کرنے کےلیے کوششوں کو مربوط کرے گی۔
اقوام متحدہ کا اندازہ ہے کہ پورے خطے میں تقریبا 33 ملین افراد کو فوری انسانی امداد اور تحفظ کی ضرورت ہے، جن میں تقریبا گیارہ ملین اندرونی طور پر بے گھر افراد اور پناہ گزین شامل ہیں۔
کانفرنس کی مشترکہ میزبانی شاہ سلمان مرکز اور او آئی سی، اقوام متحدہ کے آفس فار کوآرڈینیشن آف ہیومینٹرین افیئرز اور اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزین کے تعاون سے کریں گے۔
شاہ سلمان مرکز کے سربراہ ڈاکٹر عبدللہ الربیعہ نے کہا ’ یہ کانفرنس ضروری وسائل کو متحرک کرنے اور ان علاقوں میں انسانی ہمدردی کی اہم ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اہم شراکت داری قائم کرنے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔ مشترکہ طور پر ہم لاکھوں افراد کو ایک امید اور راحت پہنچا سکتے ہیں‘۔
او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے رکن ملکوں اور بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ متاثرہ خطے میں حالات کو بہتر بنانے کے لیے مالی وسائل میں اضافہ کریں۔
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزین فلیپو گرانڈی نے بھی امداد کی فوری ضروت اجاگر کی۔