انڈیا: گرلز ہاسٹل میں خفیہ کیمرے کا انکشاف، طالبات کا رات بھر احتجاج
جمعہ 30 اگست 2024 12:22
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
خفیہ کیمروں کے خلاف طالبات نے کالج کیمپس میں احتجاجی مظاہرہ کیا (فوٹو: ایکس)
انڈیا کے ایک انجینیئرنگ کالج میں لڑکیوں کے ہاسٹل کے واش روم میں خفیہ کیمرا ملنے اور مبینہ ویڈیوز لڑکوں کے ہاسٹل میں شیئر کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
این ڈی ٹی وی اور انڈیا ٹوڈے کے مطابق جمعرات کی شب انڈین ریاست آندھرا پردیش کے کرشنا ضلع کے ایک انجینیئرنگ کالج میں لڑکیوں کے ہاسٹل کی طالبات نے احتجاج کیا۔
خفیہ کیمرا مبینہ طور پر طالبات کے ہوسٹل کے ایک واش روم میں نصب کیا گیا تھا جو ان کی ریکارڈنگ کو رہا تھا۔ یہ ویڈیوز مبینہ طور پر طلبا کر فروخت بھی کی گئی تھیں۔
واقعے کی خبر سامنے آنے کے بعد مقدمہ درج کر کے فائنل ایئر کے ایک طالب علم کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ این چندرا بابو نائیڈو نے بھی معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
طلبا کے مطابق 300 سے زائد ویڈیوز مبینہ طور پر ریکارڈ کی گئیں اور لڑکوں کے ہاسٹل میں پھیلائی گئیں۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق گڈلاواللیرو کالج آف انجینیئرنگ کے ہاسٹل کے اندر رکھا ہوا کیمرا طالبہ علم کو ملا، جس کے بعد جمعرات کو طالبات نے کالج کے باہر احتجاج کرتے ہوئے کیمپس میں اپنی حفاظت اور پرائیویسی کے بارے میں شدید تشویش کا اظہار کیا۔
طالبات کا کہنا تھا کہ ’انہیں انصاف چاہیے اور ویڈیوز پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔‘
احتجاج کے دوران پولیس کو بلایا گیا اور انجینیئرنگ کے آخری سال کے ایک طالب علم کو شک کی بنا پر حراست میں لے لیا گیا۔ طالب علم کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے اور حکام کے مطابق مزید تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب کالج انتظامیہ نے دعویٰ کیا کہ گرلز ہاسٹل میں کوئی خفیہ کیمرے نہیں ملے اور کہا کہ وہ پولیس کی تحقیقات میں تعاون کر رہے ہیں۔ انہوں نے کیمپس میں اضافی حفاظتی اقدامات کا بھی وعدہ کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے طالب علموں اور کالج کے عملے کی موجودگی میں ملزم کے لیپ ٹاپ، موبائل فون اور دیگر الیکٹرانک گیجٹس کی جانچ پڑتال کی، انہیں کوئی قابل اعتراض ثبوت نہیں ملا۔