Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہریوں کی واپسی، 10 دن کے آپریشن کے بعد مغربی کنارے سے اسرائیلی فوج کا انخلا

مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کے آپریشن میں کم سے کم 36 افراد ہلاک ہوئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
عینی شاہدین کے مطابق دس دن کے آپریشن کے بعد اسرائیلی فوج جنین شہر اور اس کے پناہ گزین کیمپ سے نکل گئی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی آپریشن کے نتیجے میں مقبوضہ مغربی کنارے میں کم سے کم 36 افراد ہلاک ہوئے۔
اے ایف پی کے صحافیوں نے بتایا کہ کئی دنوں کی تباہ کن دراندازی کے بعد وہاں سے منتقل ہونے والے مقامی افراد اپنے گھروں کو واپس آنا شروع ہو گئے۔ یہ علاقہ اسرائیل کے خلاف لڑنے والے فلسطینی مسلح تنظیموں کا گڑھ ہے۔
28 اگست کو فوج نے جنین سمیت شمالی مغربی کنارے کے کئی شہروں اور قصبوں میں فوجی آپریشن شروع کیا تھا۔
جمعے کو ایک بیان میں انخلا کی تصدیق کیے بغیر اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ فورسز جنین میں انسداد دہشت گردی کی سرگرمیاں انجام دے رہی ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی سکیورٹی فورسز انسداد دہشت گردی آپریشن کے مقاصد کو حاصل کرنے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’جنین میں آپریشن کے دوران اسرائیلی فورسز نے 14 عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا جبکہ 30 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا۔ سڑکوں میں نصب تقریباً 30 دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنایا گیا اور چار فضائی حملے کیے گئے۔‘
اس دوران جنین میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک ہوا۔ دوسری جانب حماس اور فلسطینی اسلامی جہاد نے کہا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں کم سے کم 14 عسکریت پسند تھے۔
48 برس کے عزیز طالب جو سات بچوں کے باپ ہیں، اپنے 20 سالہ پرانے گھر لوٹ آئے ہیں۔ ان کے گھر پر فوجیوں نے چھاپا مارا تھا۔
’اللہ کا شکر ہے کہ بچے ایک دن قبل چلے گئے تھے۔ وہ یہاں پڑوسیوں کے گھر چلے گئے تھے۔ اگر وہ یہاں رک جاتے تو انہیں بغیر کسی وارننگ یا کسی چیز کے مار دیا جاتا۔‘

اسرائیلی فوج کے حملوں میں مکانات بھی تباہ ہوئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

جنین کیمپ میں بہت سے مکانات کو فوج کے بلڈوزرز نے نقصان پہنچایا یا تباہ کر دیے گئے جبکہ سڑکوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
اے ایف پی کے صحافیوں کے مطابق اسرائیلی بکتر بند گاڑیوں کے جانے کے بعد جمعے کو رہائشیوں نے اپنے بلڈوزرز کا استعمال کرتے ہوئے ملبہ ہٹانا شروع کیا۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق سات اکتوبر کو غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے اسرائیلی فورسز یا آباد کاروں نے مغربی کنارے میں کم از کم 661 فلسطینیوں کو ہلاک کیا۔
اسرائیلی حکام کے مطابق اسی عرصے کے دوران فلسطینیوں کے حملوں میں سکیورٹی فورسز سمیت کم سے کم 23 اسرائیلی ہلاک ہوئے۔

شیئر: