Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی بحریہ کے جہازوں کی امارات میں جنگی مشق نصل البحر میں شرکت

پاکستانی بحریہ کے جنگی جہازوں نے متحدہ عرب امارات میں جنگی مشق نصل البحر میں شرکت کی ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے سنیچر کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق پاکستان بحریہ کے جنگی جہازوں شمشیر اور ہیبت کی ابوظبی آمد پر عرب امارات بحریہ کے اعلٰی افسران اور پاکستانی سفارت خانے کے حکام نے استقبال کیا۔
مشن کمانڈر نے کمانڈنگ آفیسرز پی این ایس شمشیر اور پی این ایس ہیبت کے ساتھ میزبان اعلیٰ عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور اور دوطرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
بندرگاہ پر قیام کے دوران متحدہ عرب امارات کے معاون وزیر برائے سلامتی اور میری ٹائم افیئرز، مسلح افواج کی اعلٰی قیادت، پاکستانی سفیر، پاکستانی کمیونٹی اور طلبہ نے جہاز کا دورہ کیا۔
دورے کے آخر میں دونوں ممالک کے بحری جہازوں نے مشترکہ بحری مشق نصل البحر میں بھی حصہ لیا۔ مشق کا مقصد دونوں بحری افواج کے درمیان باہمی تعاون کو بڑھانا اور آپریشنل تیاریوں کو بہتر کرنا ہے۔
پاکستان بحریہ کے جہازوں کے اس دورے سے دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔

شیئر: