Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مونسٹر کیٹ: روس کی وہ بلی جو سُوپ اور گوشت کھاتی ہے

کروشک دنیا میں پائی جانے والی سب سے ذیادہ پانچ موٹی بلیوں میں سے ایک ہوسکتی ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)
روس میں ایک ہسپتال کے تہہ خانے میں ایک ایسی بلی پائی گئی ہے جو نہ کہ صرف معمول سے زیادہ موٹی تازی ہے بلکہ اس کا وزن بھی ایک انسانی بچے جتنا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق کروشک نامی بلی کا وزن کوئی 17 کلوگرام کے لگ بھگ تھا جب جانوروں کی امداد کرنے والے ایک گروہ نے اسے ایک ہفتہ قبل ریسکیو کیا۔
 کروشک کی جسامت اور موٹاپا اس قدر بڑھ چکا تھا کہ اسے چلنے پھرنے میں بھی دشواری ہو رہی تھی۔
ریسکیو کرنے والے گروپ کی جانب سے کروشک کی صحت کی صورتحال دیکھتے ہوئے اسے ڈائٹ کے مطابق خوراک فراہم کی جا رہی ہے اور ڈائٹ کی وجہ سے اب اپنی ٹانگیں چلانے کے قابل ہو گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بلی کا نام ’کروشک‘ اس کی کھانے پینے سے بے پناہ محبت کو دیکھتے ہوئے رکھا گیا ہے۔
کروشک روسی زبان کا لفظ ہے اور یہ ’حیرانگی‘ اور ’سرپرائز‘ کے معنوں میں استعمال ہوتا ہے۔
یہ بھاری بھرکم بلی روسی شہر پرم کے ہسپتال میں پائی گئی تھی جہاں ہسپتال کا عملہ کھانے  پینے کے معاملے میں اس کی خوب خاطر تواضع کیا کرتا تھا۔
یہ خیال کیا جاتا ہے کہ کروشک کے سابق مالکان نے اسے آزاد چھوڑ دیا تھا۔
مقامی میڈیا کی خبروں کے مطابق کروشک کا اتنا زیادہ وزن چیز والی روٹیوں، سُوپ، وسکی اور گوشت کھانے کی وجہ سے بڑھ گیا تھا۔
کروشک کا معائنہ کرنے والے جانوروں کے معالج نے بتایا ہے کہ موٹاپا زیادہ ہونے کی وجہ سے اس کا الٹراساؤنڈ نہیں کیا جا سکا کیونکہ الٹراساؤنڈ کرنے والی مشین کے سینسر اس کے جسم اور چمڑے کی موٹائی کے باعث کام ہی نہیں کر پائے۔
جانوروں کو ریسکیو کرنے والے ادارے ’میٹروسکن شلٹر‘ کی سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر شئر کیے جانے والی ایک پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ ’یہ ایک انتہائی نایاب کیس ہے۔‘
پوسٹ میں بتایا گیا  کہ ’کروشک دنیا میں پائی جانے والی سب سے ذیادہ پانچ موٹی بلیوں میں سے ایک ہو سکتی ہے۔‘

شیئر: