شاہ سلمان مرکز کیجانب سے یمن میں متاثرین کو مصنوعی اعضاء کی فراہمی
شاہ سلمان مرکز کیجانب سے یمن میں متاثرین کو مصنوعی اعضاء کی فراہمی
جمعرات 12 ستمبر 2024 23:18
عدن میں 413 افراد کو مصنوعی اعضا فراہم کیے گئے(فوٹو، ایس پی اے)
شاہ سلمان امدادی مرکز کی جانب سے یمن میں باردوی سرنگوں میں جسمانی اعضا سے محروم ہونے والوں کے لیے مصنوعی اعضا کی فراہمی کے منصوبے پرتیزی سے کام جاری ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق شاہ سلمان مرکز کی جانب سے یکم ستمبر 2023 سے 30 جون 2024 تک بارودی سرنگوں سے متاثر ہونے والوں کو مختلف مراحل میں مصنوعی جسمانی اعضا فراہم کیے گئے۔
یمن کی کمشنری عدن میں 413 متاثرین کو مختلف مصنوعی اعضا فراہم کیے گئے جب کہ 450 افراد کو فراہم کیے جانے والے مصنوعی اعضا کی اصلاح کی گئی۔
شاہ سلمان امدادی مرکز کی جانب سے فراہم کردہ مختلف نوعیت کی طبی خدمات سے 7 ہزار سے زائد افراد مستفیض ہوئے جبکہ 6 ہزار کے قریب افراد کو فزیو تھراپی کی سہولت فراہم کی گئی جس کی وجہ سے ان کی مشکلات میں کافی کمی ہوئی۔
واضح رہے شاہ سلمان امدادی مرکز برائے فلاح انسانیت مختلف ممالک میں ضرورت مندوں کی امداد میں پیش پیش ہے جس کے تحت ضرورت مند خاندانوں میں راشن کی تقسیم کے علاوہ پینے کے صاف پانی اور طبی سہولتوں کی فراہمی کے منصوبے جاری ہیں۔