سکول بس راستے میں خراب ہو گئی، سعودی خاتون نے طلبہ کو مہمان بنا لیا
خاتون کا کہنا ہے بچوں کی خدمت کرکے قلبی سکون ملا ہے ( فائل فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کی الخرج کمشنری میں سکول بس خراب ہونے پر 27 طلبہ کو اپنا مہمان بنانے والی سعودی خاتون کے مثالی کام کو سراہا جا رہا ہے۔
سعودی خاتون کا کہنا تھا کہ بس خراب ہونے پر بچے دھوپ سے بچنے کے لیے سایے کی تلاش میں تھے، میں انہیں گھر لے گئی۔
سبق نیوز کے مطابق ایک نجی سکول کی بس دوپہر کے وقت خراب ہو گئی۔ بچے بس سے اتر کر ایک گھر کے باہر گاڑی کے لیے بنائے گئے شیڈ کے نیچے چلے گئے۔ دھوپ کی تمازت اور حبس سے بیشتر بچے پریشان تھے۔
سعودی خاتون نے بتایا کہ ’بچوں کا شور سن کر مکان سے باہر آئی تو یہ دیکھ کر پریشان ہو گئی کہ شدید گرمی میں دسیوں بچے سایہ دار جگہ کی تلاش میں تھے بعض بچے تو باقاعدہ رو بھی رہے تھے۔‘
’جب یہ منظر دیکھا تو فوری طور پر بچوں کو گھر میں لانے کا فیصلہ کیا تاکہ انہیں دھوپ کی تمازت اور گرمی کی شدت سے محفوظ رکھا جا سکے۔‘
سعودی خاتون نے سکول انتظامیہ کی جانب سے دوسری بس کے آنے تک بچے خاتون کے مہمان بنے جہاں انہیں پانی اور جوس فراہم کیا گیا۔
دوسری بس ایک گھنٹے میں پہنچ گئی جس پر تمام بچے خاتون کا شکریہ ادا کرکے اپنے گھروں کی جانب روانہ ہو گئے۔
خاتون کا کہنا تھا کہ ’مجھے بچوں کی خدمت کر کے اور انہیں گرمی سے بچا کر قلبی سکون ملا۔‘