ایشیئن ہاکی چیمپئنز ٹرافی: انڈیا فائنل میں، تیسری پوزیشن کے لیے پاکستان کا کوریا سے مقابلہ
پہلے سیمی فائنل میں پاکستان کو انڈیا نے شکست دی تھی (فوٹو: اے ایف پی)
ایشیئن ہاکی چیمپیئنز ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل میں انڈیا نے کوریا کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
فائنل میں انڈیا کا مقابلہ چین سے ہوگا جبکہ تیسری پوزیشن کے لیے پاکستان کا کوریا سے جوڑ پڑے گا۔
پیر کو چین میں جاری ایشیئن ہاکی ٹرافی کا دوسرا سیمی فائنل انڈیا اور کوریا کے درمیان کھیلا گیا جس میں انڈیا نے کوریا کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی۔
انڈیا کی جانب سے میچ کے پہلے اور دوسرے کواٹر میں ایک، ایک اور تیسرے کواٹر میں دو گول سکور کیے گئے جبکہ میچ کے چوتھے اور آخری کواٹر میں انڈیا کوئی گول سکور نہ کر سکا۔
انڈیا کے مقابلے میں کوریا کی جانب سے صرف ایک گول سکور کیا گیا جو کہ ینگ جیان نامی کھلاڑی نے میچ کے تیسرے کواٹر میں کیا۔
انڈیا کی جانب سے ہرمن پریت سنگھ نے دو گول کیے۔ ہرمن پریت سنگھ نے پہلا گول میچ کے دوسرے کواٹر کے 9ویں منٹ پر کیا جبکہ دوسرا گول تیسرے کواٹر کی شروعات کے ساتھ ہی سکور کیا۔
اس کے علاوہ انڈیا کی جانب سے جرم پریت سنگھ اور اُتم سنگھ نے ایک ایک گول سکور کیا۔
ایشیئن ہاکی چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں انڈیا اور میزبان ٹیم چین مدمقابل ہوں گی جبکہ پاکستان اور کوریا تیسری پوزیشن کے لیے آمنے سامنے ہوں گے۔
اس سے قبل کھیلے گئے ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں میزبان چین نے پاکستان کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔
مقررہ وقت میں میچ ایک، ایک گول سے برابر رہا جس کے بعد فاتح ٹیم کا فیصلہ شوٹ آؤٹ کے ذریعے ہوا جس میں چین نے صفر کے مقابلے میں دو گول سے کامیابی حاصل کی جبکہ کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی شوٹ آؤٹ میں گول نہ کر سکا تھا۔
اس سے قبل پاکستان نے لیگ میچ میں چین کے خلاف پانچ ایک سے کامیابی حاصل کی تھی۔