کامیاب پالیسیوں کے ثمرات ظاہر ہورہے ہیں: سپیکر شوری کونسل
عالمی سطح پر اہم کانفرنسز اور سیمینارز کا کامیاب انعقاد کیا گیا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی شوری کونسل کے سپیکرشیخ ڈاکٹر عبداللہ بن محمد آل الشیخ نے کہا ہے کہ’ اعلی قیادت کی کامیاب پالیسیوں کے ثمرات ظاہر ہورہے ہیں۔ مملکت کو بہت سے میدانوں میں مثالی کامیابیاں ملی ہیں‘۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق کونسل کے نویں سالانہ اجلاس کی افتتاحی تقریب میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی آمد پر ان کا استقبال نائب گورنر ریاض ریجن شہزادہ محمد بن عبدالرحمان بن عبدالعزیزنے کیا۔ شوری کونسل کے سپیکر شیخ عبداللہ بن محمد آل الشیخ بھی موجود تھے۔
شوری کونسل کے سپیکر نے اپنے خطاب میں مملکت کے وژن 2030 کے حوالے سے کہا’ ولی عہد کی منفرد پالیسیوں پر عمل کرتے ہوئے ترقی کا مثالی سفر جاری ہے‘۔
’مثالی پالیسیوں کے باعث مملکت نے دنیا میں تیزی سے اعلی مقام حاصل کیا اور نمایاں کامیابیاں اپنے نام کی ہیں‘۔
علاوہ ازیں عالمی سطح پر اہم کانفرنسز اور سیمینارز کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ حرمین شریفین کی بہترین دیکھ بھال اور زائرین کی سہولت کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا’ ایسے بے شمار کارنامے ہیں جنہیں یہاں وقت کی تنگی کے باعث بیان کرنا ممکن نہیں‘۔
سپیکر نے گزشتہ برس کی کارروائی کے حوالے سے بتایا ’گزشتہ برس شوری کونسل کو 493 معاملات دیے گئے جن پر جامع انداز میں کام کیا۔
ان معاملات میں سے 58 کا تعلق منصوبوں کے قوانین اور ضوابط سے تھے جبکہ 240 معاملات مختلف ممالک کے ساتھ کیے جانے والے معاہدوں سے تھا جبکہ 194 حکومتی اداروں سے تعلق رکھنے والی رپوٹیں شامل تھیں۔
اپنے خطاب کے آخر میں سپیکرشوری کونسل نے افتتاحی اجلاس میں شرکت پر اپنی اور ارکین شوری کی جانب سے ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔