سعودی انجینیئر نے کر دکھایا، نجی سیکٹر میں پہلی ڈرون فیکڑی قائم کرلی
سول اور عسکری استعمال کے لیے ڈرون تیار کیے جارہے ہیں ( فوٹو: سکرین شاٹ الاخباریہْ
ایئرسپیس ٹیکنالوجی سے وابستہ سعودی انجینئر فہد الشمری قصیم ریجن میں مملکت کی نجی سطح پر پہلی ڈرون فیکٹری قائم کرلی۔
سعودی ٹی وی الاخباریہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا’ بچپن سے مجھے ایئرسپیس ٹیکنالوجی کا شوق تھا جو مجھے اس شعبے میں لے آیا اور اپنے ہدف کو حاصل کرنے میں کامیاب رہا‘۔
انجینئرفہد الشمری نے شاہ فہد پٹرولیم اینڈ منرل یونیورسٹی سے ایئرو سپیس انجینئرنگ میں گریجویشن کی بعدازاں فضائیہ کے فنی شعبے سے وابستہ ہوگئے جہاں 20 برس خدمات انجام دینے کے بعد ریٹائر ہوئے اور ڈرون سازی کے میدان میں اپنی فیکٹری قائم کرنے کی کوششیں شروع کردیں۔
فہد الشمری نے کہا’ ایک بار ایک غیرملکی صنعت کار سے ڈرون سازی کے حوالے سے ملاقات ہوئی۔ اس نے مجھ سے کہا کہ ’ آپ لوگ انڈسٹری نہیں لگا سکتے بلکہ محض اشیا خرید کر انہیں استعمال ہی کرسکتے ہیں، انڈسٹری سیکٹر آپ کے بس کی بات نہیں‘۔
سعودی انجینئر نے کہا کہ’ غیر ملکی صنعتکار کی کہی ہوئی بات کو میں نے غلط ثابت کردیا اورآج آپ دیکھ سکتے ہیں کہ نجی شعبے میں ڈرون فیکٹری قائم کی ہے جو مکمل سعودی ساختہ ہے‘۔
قصیم ریجن میں فہد الشمری کی فیکٹری میں سول اور عسکری استعمال کے لیے ڈرون تیار کیے جارہے ہیں جو مکمل طور پر یہاں بنائے جاتے ہیں۔
عسکری ڈرونز سازی کی یہ پہلی فیکٹری ہے جو سعودی انجینیئر نے اپنی محنت اور لگن سے قائم کی ہے۔