سعودی پروجیکٹ: ایک ہفتے میں یمن سے ایک ہزار 338 بارودی سرنگیں صاف
اتوار 22 ستمبر 2024 17:44
اب تک 4 لاکھ 62 ہزار بارودی سرنگوں کو صاف کیا جا چکا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے مسام پروجیکٹ نے گزشتہ ہفتے کے دوران یمن کے مختلف علاقوں میں حوثیوں کی نصب کردہ مزید ایک ہزار338 بارودی سرنگوں کو صاف کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی نگرانی میں مسام پروجیکٹ کی خصوصی ٹیموں نے یمن کے مختلف علاقوں سے 3 اینٹی پرسنل بارودی سرنگیں، ایک ہزار 300 بغیر دھماکے کی ڈیوائسز اور35 اینٹی ٹینک بارودی سرنگوں کو تباہ کیا ہے۔
سعودی عرب کے مسام پروجیکٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر اسامہ القصبی نے کہا کہ’ 2018 میں پروجیکٹ کے قیام کے بعد سے اب تک 4 لاکھ 62 ہزار 289 بارودی سرنگوں کو صاف کیا جا چکا ہے‘۔
حوثیوں کی جانب سے یمن بھر میں نصب کی جانے والی بارودی سرنگوں سے بچوں، خواتین اور معمرافراد سمیت معصوم شہریوں کی زندگیوں کو شدید خطرہ لاحق ہے۔
یہ منصوبہ سعودی عرب کی جانب سے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے حکم پر یمنی عوام کی مدد کے لیے کیے جانے والے متعدد اقدامات میں سے ایک ہے، جس سے یمنی شہریوں تک انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد پہنچانے کے راستے صاف ہو رہے ہیں۔
واضح رہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے 1.2 ملین سے زیادہ بارودی سرنگیں بچھائی گئی ہیں جس کے باعث سیکڑوں معصوم شہریوں کے زخمی اور ہلاک ہونے کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔