خلاف ورزیوں کے باعث 24 فارمیسیوں پر 6 لاکھ ریال جرمانہ
جمعرات 26 ستمبر 2024 10:00
’مذکورہ فارمیسیوں پر 6 لاکھ 78 ہزار 400 ریال کے جرمانے کئے گئے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے کہا ہے کہ ملک کے مختلف شہروں میں 24 فارمیسیوں پر متعدد خلاف ورزیوں کے باعث 6 لاکھ ریال کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اتھارٹی نے کہا ہے کہ ’مذکورہ فارمیسیوں نے مختلف ادویہ کے متعلق الیکٹرانک سسٹم کے ذریعہ اطلاع نہیں دی‘۔
’بعض فارمیسیوں نے خاص قسم کی ادویہ کا ذخیرہ ختم ہونے سے پہلے اتھارٹی کو آگاہ نہیں کیا جبکہ بعض نے ادویہ ختم ہونے کے بعد دستیابی کو یقینی نہیں بنایا‘۔
اتھارٹی نے کہا ہے کہ ’ادویہ اور فارمیسیوں کے حوالے سے قواعد و ضوابط کی صریح خلاف ورزی پر مذکورہ فارمیسیوں پر 6 لاکھ 78 ہزار 400 ریال کے جرمانے کئے گئے ہیں‘۔
واضح رہے کہ ادویہ کے قواعد وضوابط کے مطابق ادویہ ساز اداروں اور انہیں سپلائی اور فروخت کرنے والے تجارتی اداروں پر لازمی ہے کہ ان کے پاس ان کے درج شدہ ادویہ میں سے اگلے 6 ماہ کا ذخیرہ ہونا چاہئے۔
کسی بھی درج شدہ دوا کے ختم ہونے پر زیادہ سے زیادہ 3 ماہ کے دوران اس کی دستیابی یقینی بنانی چاہئے۔
اسی طرح ادویہ ساز کمپنیوں، سپلائی کرنے والے اداروں اور صارف کو فروخت کرنے والی فارمیسیوں پر لازم ہے کہ وہ کسی بھی دوا کے ختم ہونے کے امکان کے متعلق اتھارٹی کو قبل از وقت آگاہ کریں۔