Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میں دنیا کے بلند ترین ٹاور کا تعمیراتی کام دوبارہ شروع ہوگا، معاہدے پر دستخط

جدہ اکنامک ٹاور کے تعمیراتی منصوبے کے لیے کنگڈم ہولڈنگ کمپنی نے بن لادن گروپ کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ منصوبے کی مجموعی لاگت 7.2 ارب ریال ہے۔
اخبار 24 کے مطابق کنگڈم ہولڈنگ کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ’ تعمیراتی منصوبے کے لیے 1.1 ارب ریال کی ایڈوانس رقم موصول ہو چکی ہے۔ تعمیراتی کام 42 ماہ میں مکمل ہو گا‘۔
کمپنی کی جانب سے تعمیرات کے لیے باقی فنڈ اپنے اکاونٹ سے فراہم کیا جائے گا جبکہ اضافی رقم بنک سے لی جائے گی۔
جدہ اکنامک ٹاور کے بارے میں کمپنی کا کہنا ہے’ دنیا کا سب سے بلند ٹاور ہوگا جس کی بلندی ایک ہزار میٹر اور 157 منزلہ ہوگا۔ اس وقت 63 فلور تعمیر ہو چکے ہیں‘۔
’ٹاور کا مجموعی رقبہ 5.3 ملین مربع میٹر ہے، پہلے مرحلے میں 1.3 ملین مربع میٹر رقبے پر تعمیراتی کام کیا جائے گا‘۔
عمارت کی بنیاد کا کام تقریبا مکمل ہے جو پہلے مرحلے میں شامل ہے جن میں سیوریج ، بجلی اور تیز رفتار انٹرنیٹ سسٹم کی فراہمی شامل ہے۔
علاوہ ازیں کنگڈم ہولڈنگ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین شہزادہ ولید بن طلال کا کہنا ہے’ جدہ ٹاور کا تعمیراتی منصوبہ ساڑھے تین سال میں مکمل ہوگا‘۔
واضح رہے جدہ ٹاور کا تعمیراتی کام سات سال قبل رک گیا تھا، معاہدے کے بعد اس کا دوبارہ آغاز ہورہا ہے۔
جدہ ٹاور میں ہوٹل، اپارٹمنٹس، دفاتر، لابیز ار ایک آبزرویشن ڈیسک قائم ہوگی جہاں سے سیاح شہر کا نظارہ آسانی سے کر سکیں گے۔
تعمیراتی منصوبہ مکمل ہونے پر جدہ ٹاور دنیا کی بلند ترین عمارت کا ریکارڈ اپنے نام کرلے گا۔
دبئی میں موجود برج خلیفہ کا شمار اس وقت دنیا کی بلند ترین عمارت میں ہوتا ہے، یہ ریکارڈ 2010 سے اس کے پاس ہے۔

شیئر: