Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ٹی آئی کا احتجاج: لاہور کے داخلی و خارجی راستے کھول دیے ہیں: ٹریفک پولیس

پولیس نے احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی کے متعدد کارکنوں کو گرفتار کرلیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اپیل پر لاہور میں پی ٹی آئی کا احتجاج کیا جا رہا ہے جبکہ پولیس کی جانب سے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کی جا رہی ہے۔
اس احتجاج کے موقع پر لاہور میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور جگہ جگہ کنٹینرز لگا کر راستے بند کردیے گئے ہیں۔
اس دوران تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں نے مینارِ پاکستان گراؤنڈ پہنچنے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے شیل پھینکے۔
پی ٹی آئی کارکنوں کے پتھراؤ سے پنجاب پولیس کی تین گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
ٹیکسالی گیٹ، فوڈ سڑیٹ اور قلعہ کے اطراف میں پولیس نے شدید شیلنگ کی احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی کے 80 کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔
پولیس نے تحریک انصاف لاہور کے سیکریٹری جنرل اویس یونس اور کو حراست میں لے لیا۔ وہ مینارِ پاکستان جانے والے قافلے کی سربراہی کر رہے تھے۔
 ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق مظاہرین کے پتھراؤ سے درجنوں  پولیس اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ لاہور پولیس کے جوان کسی بھی قیمت پر انتشار نہیں پھیلانے دیں گے۔
ہائی کورٹ بار اور لاہور بار ایسوسی ایشن نے ایوان عدل میں پولیس کی جانب سے شیلنگ اور وکلا کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کی ہے۔
لاہور بار نے  پیر کو سیشن اور سول عدالتوں سمیت کچہریوں میں مکمل ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے پولیس کے داخلے پر پابندی لگا دی ہے۔
وکلا رہنماؤں نے اپنے گرفتار ساتھیوں کو فی الفور رہا کرنے اور ایوان عدل پر حملہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

ترجمان ٹریفک پولیس نے مزید بتایا کہ ’مینارِ پاکستان کے اطراف کچھ راستوں سے کنٹینرز ہٹا دیے گئے ہیں‘ (فوٹو: اے ایف پی)

صدر لاہور ہائی کورٹ بار اسد منظور بٹ کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس نے وکلا کے گھروں پر حملہ اور ایوان عدل میں شیلنگ کر کے فسطائیت کا ثبوت دیا ہے اور اعلان جنگ کیا ہے۔
شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر ٹریفک رواں دواں ہے: ترجمان ٹریفک پولیس 
ترجمان ٹریفک پولیس لاہور نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بابو صابو انٹرچینج کے مقام  پر لگے کنٹینرز کو ہٹا کر موٹروے کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
ان کے مطابق لاہور ایسٹرن بائی سمیت شہر کے تمام داخلی اور خارجی بھی راستے ٹریفک کے لیے کُھلے ہیں، ٹھوکر، شاہدرہ، سگیاں سمیت تمام داخلی اور خارجی راستوں پر ٹریفک رواں دواں ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس نے مزید بتایا کہ ’مینارِ پاکستان کے اطراف کچھ راستوں سے کنٹینرز ہٹا دیے گئے ہیں۔‘

شیئر: