Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیل پر حملہ کرنے پر کمانڈر کو ایران کے سپریم لیڈر نے اعزاز سے نواز دیا

62 سالہ امیرعلی حججی زاده پاسداران انقلاب کے ایروسپیس یونٹ کی سنہ 2009 میں اس کے قیام سے اب تک سربراہی کر رہے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے اسلامیہ جمہوریہ کے ازلی دشمن اسرائیل پر حملہ کرنے والے پاسداران انقلاب کے ایروسپیس کمانڈر کو اعزاز سے نوازا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق آیت اللہ علی خامنہ ای کی ویب سائٹ نے اتوار کو کہا ہے کہ ’آیت اللہ خامنہ ای نے پاسداران انقلاب کے ایروسپیس کمانڈر امیرعلی حججی زاده کو آرڈر آف فتح سے نوازا۔‘
ویب سائٹ نے کہا کہ یہ اعزاز شاندار ’ایماندار وعدہ‘ آپریشن کی وجہ سے دیا گیا۔
62 سالہ حججی زاده پاسداران انقلاب کے ایروسپیس یونٹ کی سنہ 2009 میں اس کے قیام سے اب تک سربراہی کر رہے ہیں۔
منگل کو پاسداران انقلاب نے حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ اور پاسداران انقلاب کے جنرل عباس نیلفروشان کی بیروت میں اسرائیلی فضائیہ کے حملے میں ہلاکتوں کا بدلہ لینے کے لیے اسرائیل پر تقریباً 200 میزائل داغے تھے۔
یہ ایران کا چھ مہینوں میں اسرائیل پر دوسرا براہ راست حملہ تھا۔ اس سے قبل رواں برس اپریل میں دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر حملے کے جواب میں ایران نے اسرائیل پر میزائل داغے تھے۔ اگرچہ اسرائیل نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی تھی۔ تاہم اس نے ایران کے حالیہ میزائل حملے کا جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔
 

شیئر: