غیر ملکی کارکن کی اجرت کے تحفظ کے لیے انشورنس پالیسی کا نفاذ
غیر ملکی کارکن کی اجرت کے تحفظ کے لیے انشورنس پالیسی کا نفاذ
جمعرات 10 اکتوبر 2024 17:32
نادہندہ کمپنیوں کے ورکرز کو حقوق اور ائیر ٹکٹ فراہم کیا جائے گا۔ فائل فوٹو عرب نیوز
سعودی وزارت انسانی وسائل و سماجی ترقی اور انشورنس اتھارٹی نے غیر ملکی ورکر ویج انشورنس سروس کا آغاز کیا ہے جو چھ ماہ تک کی غیر ادا شدہ اجرت کا احاطہ کرے گی۔
عرب نیوز کے مطابق یہ انشورنس سروس مملکت میں نجی شعبے کے نادہندگان کی صورت میں مقیم غیر ملکی کارکنوں کو سفری سہولیات فراہم کرے گی۔
انٹرنیشنل کمیونیکیشن اینڈ کوآپریشن کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمان الزید نے بتایا ہے ’نجی شعبے کے نادہندگان کے لیے انشورنس سروس سعودی لیبر مارکیٹ کی مجموعی کارکردگی ورکرز اور آجر دونوں کے تحفظ کے لیے وزارت کی کوششوں کا حصہ ہے۔‘
مملکت کی لیبر مارکیٹ میں غیر ملکی کارکنوں کے لئے محفوظ ماحول کو مزید بہتر بنانے کے لیے اس انشورنس اسکیم کا آغاز کیا گیا ہے۔
انشورس پالیسی کی مالی حدود میں مخصوص فوائد بیان کئےگئے ہیں جس میں نادہندہ کمپنیوں کے غیر ملکی کارکنوں کے حقوق اور آبائی وطن جانے کے لیے ائیر ٹکٹ فراہم کرنا شامل ہیں۔
عبدالرحمان الزید نے بتایا ’ انشورنس پالیسی میں کمپنی کے غیر معمولی حالات میں تارکین وطن کو چھ ماہ تک غیر ادا شدہ اجرت کی مد میں زیادہ سے زیادہ 17,500 ریال معاوضے کی ادائیگی شامل ہے۔
متاثرہ کارکنان جو اپنے آبائی ممالک واپس جانا چاہتے ہیں انہیں ایک ہزار ریال تک کا سفری ٹکٹ مہیا کیا جائے گا۔
وزارت انسانی وسائل و سماجی ترقی کا یہ اقدام آجروں اور ملازمین کے مابین منصفانہ اور محفوظ لیبر ماحول پیدا کرنے میں اہم پیشرفت ہے۔
نجی شعبے کے ملازمین جو انشورنس پالیسی کے لیے درخواست دینا چاہتے ہیں وہ معاوضے کے حصول کے لیے ذمہ دار نامزد انشورنس کمپنی کے ذریعے دعوے جمع کرا سکتے ہیں۔
وزارت سماجی ترقی اس عمل کی نگرانی کرے گی تاکہ خدمت کی تعمیل اور آسانی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں