وزیر ٹرانسپورٹ کا ’راس تنورہ‘ پل کا دورہ ، تعمیراتی کام پر اطمینان کا اظہار
وزیر ٹرانسپورٹ کا ’راس تنورہ‘ پل کا دورہ ، تعمیراتی کام پر اطمینان کا اظہار
جمعرات 10 اکتوبر 2024 21:25
سمندری پل مکمل ہونے سے علاقے کے لوگوں کو کافی سہولت ہوگی(فوٹو، ایس پی اے)
وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ لاجسٹکس اتھارٹی انجینئرصالح الجاسر نے ’صفوی ، راس تنورہ ‘ میں بننے والے پہلے سمندری پل کے تعمیری کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ پل صفوی، رحیمہ شاہراہ منصوبے کا حصہ ہے جس کی مجموعی لمبائی 15 کلو میٹر ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق سمندری پل کا تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے جو آئندہ برس کی پہلی سہہ ماہی میں مکمل ہو جائے گا۔
مذکورہ پل سے راس تنورہ کمشنری میں ٹرانسپورٹ سسٹم میں کافی بہتری آئے گی اور لوگوں کو اس پل سے کافی سہولت ہوگی۔
وزیر ٹرانسپورٹ الجاسر کا کہنا تھا کہ پل کے تعمیراتی منصوبے پر عملی کام کا آغاز کرنے سے قبل حفاظتی و فنی امور کا تمام پہلووں سے جائزہ لیا گیا تھا تاکہ بعدازاں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
پل کی تعمیر کے لیے زیر آب بنائے جانے والے کنکریٹ کے ستونوں کو خصوصی طورپر تیار کیا گیا ہے جس کے لیے عالمی تعمیراتی معیار کو مدنظررکھا گیا۔
ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ صفوی ، رحیمہ پل کے مکمل ہونے سے راس تنورہ اور دمام و قطیف کا فاصلہ بھی کم ہو جائے گا جس سے ان علاقوں کے رہنے والوں کے لیے شاہ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے میں کافی آسانی ہوگی۔