Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مدینہ منورہ آنے والے زائرین کی تعداد میں نمایاں اضافہ

گزشتہ برس 14.1 ملین زائرین مدینہ منورہ آئے(فوٹو،ایکس اکاونٹ)
مدینہ منورہ میں گزشتہ برس آنے والے زائرین کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔ سال 2023 میں شہر مقدس آنے والوں کی تعداد 14.1 ملین رہی۔
عاجل نیوز کے مطابق مدینہ منورہ کی ترقیاتی کمیٹی کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے سیاحت کو فروغ دینے کے جامع منصوبوں پرعمل کیا گیا جس کے شاندار نتائج برآمد ہوئے۔
قبل ازیں سیاحت کے فروغ کے لیے سیاحتی کمیٹی کی جانب سے مملکت کے ویژن 2030 کو مدنظر رکھتے ہوئے ’وزٹ مدینہ منورہ‘ مہم شروع کی گئی تھی جس کا مقصد مدینہ منورہ میں تاریخی مقامات کے بارے میں سیاحوں اور زائرین کو متعارف کرانا تھا۔
محکمہ شماریات کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ برس مدینہ منورہ آنے والے سیاحوں نے 49.7 ارب ریال خرچ کیے۔
شہر مقدس میں آنے والے سیاحوں کے قیام کی مدت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو اوسطاً 10 دن ہے جس سے سیاحتی امور میں بھی کافی بہتری آئی۔
رواں برس 2024 میں بھی سیاحوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے جس کی وجہ سے ہوٹلوں اور فرنشڈ اپارٹمنٹس کی بکنگ میں بھی نمایاں تیزی آئی۔

شیئر: