سعودی عرب سکیورٹی کے لیے کلاؤڈ سیڈنگ پروگرام کو وسعت دے گا
اتوار 13 اکتوبر 2024 5:10
کلاؤڈ سیڈنگ کے لیے نئے طیاروں اور ٹیکنالوجی کو متعارف کرایا گیا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر ماحولیات، پانی و زراعت انجینیئرعبدالرحمان الفضلی نے دمام میں کلاؤڈ سیڈنگ کے حوالے سے تربیتی ورکشاپ کا افتتاح کیا۔
سبق نیوز کے مطابق افتتاحی سیشن میں کلاؤڈ سیڈنگ کے قومی پروگرام کے بارے میں وضاحت کی گئی۔
علاوہ ازیں علاقائی کلاؤڈ سیڈنگ پروگرام کے لیے معلومات، طیاروں اور جدید ٹیکنالوجی کو مقامی بنانے پر توجہ دی گئی۔
پروگرام میں کلاؤڈ سیڈنگ کے لیے استعمال ہونے والے نئے طیارے اور مصنوعی بارش کے لیے استعمال کی جانے والی ٹیکنالوجی کو متعارف کرایا گیا۔
وزیر ماحولیات، پانی و زراعت کو کلاؤڈ سیڈنگ پروگرام کے سربراہ نے مصنوعی بارش کے طریقہ کار کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ کلاؤڈ سینڈنگ سے دراصل بادلوں میں بارش برسنے کی گنجائش میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کلاؤڈ سیڈنگ کے قومی پروگرام کی نگرانی قومی مرکز برائے موسمیات کرتا ہے۔ یہ منصوبہ کامیاب رہا جس سے گزشتہ برس بارش میں اضافہ ہوا۔
کلاؤڈ سینڈنگ پروگرام میں طیاروں کے ذریعے بادلوں پر مخصوص سپرے کیا جاتا ہے جس سے بادلوں کے برسنے کی صلاحیت میں 10 سے 20 ملی میٹراضافہ ہوجاتا ہے۔
مصنوعی بارش منصوبے کے ذریعے بارش کی مقدار میں اضافہ ہے جس سے پانی کے نئے ذرائع کے حصول کے امکانات کو بڑھایا جا سکتا ہے جو خشک سالی کے خاتمے کا باعث ہے۔