’عمران خان صحت مند ہیں‘، بیرسٹر گوہر نے میڈیکل رپورٹ جاری کردی
منگل 15 اکتوبر 2024 23:09
بیرسٹر گوہر علی خان نے منگل کی عمران خان کی میڈیکل رپورٹ سوشل میڈیا پر شیئر کی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے منگل کی رات بانی پی ٹی آئی عمران خان کی میڈیکل رپورٹ سوشل میڈیا پر شیئر کی۔
یہ میڈیکل رپورٹ پمز ہسپتال اسلام آباد کے دو ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم کی جانب سے تیار کی گئی ہے جس کے مطابق ’عمران خان صحت مند ہیں۔‘
اس رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ’سابق وزیراعظم کا بلڈ پریشر نارمل ہے، تاہم وہ گذشتہ پانچ روز سے بدہضمی کا شکار تھے جس کے لیے وہ پہلے سے ہی ادویات استعمال کر رہے ہیں۔‘
اسی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’عمران خان کو گذشتہ چند ماہ سے ٹِنی ٹس بیماری کی بھی شکایت ہے اوراس کے لیے بھی وہ مختلف ادویات کا استعمال کر رہے ہیں۔‘
’بانی پی ٹی آئی نے کانوں کی بیماری سے متعلق کوئی تازہ شکایت نہیں کی اور نہ ہی انہیں کسی نئی میڈیکیشن کی ضرورت ہے۔‘
اس سے قبل بیرسٹر گوہر علی خان نے بتایا تھا کہ ’عمران خان کی ڈاکٹروں سے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں ملاقات کروا دی گئی ہے اور وہ خیریت سے ہیں۔‘
منگل کی رات کو ایک بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ ’آج شام تقریباً چار بجے دو ڈاکٹروں جن میں ایک ای این ٹی ماہر اور ایک طبی ماہر شامل تھے، اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملنے آئے۔‘
چیئرمین پی ٹی آئی کے مطابق ’ہمیں کچھ دیر پہلے اطلاع ملی تھی کہ الحمدللہ عمران خان خیریت سے ہیں اور آج ایک گھنٹہ ورزش کر چکے ہیں۔‘
بیرسٹر گوہر کا مزید کہنا تھا کہ ’میں پی ٹی آئی کے ہر کارکن اور سپورٹر کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو عمران خان کی صحت کے بارے میں فکر مند تھے۔‘
قبل ازیں عمران خان کا طبی معائنہ کرنے کے لیے اڈیالہ جیل جانے والے ڈاکٹر عاصم حسین کو داخلے کی اجازت نہیں ملی اور وہ ملاقات کیے بغیر ہی واپس روانہ ہو گئے تھے۔