Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب ساحل، جھیل چاڈ کے متاثرین کے لیے ڈونرز کانفرنس کی میزبانی کرے گا

انسانی صورتحال کے چیلنجز پر اعلی سطح کا اجلاس بھی ہوگا (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب سنیچر 26 اکتوبر کو جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم ( او آئی سی) کے ہیڈ کوارٹر میں ساحل اور جھیل چاڈ بیسن میں بے گھر افراد اور پناہ گزینوں کی مدد کےلیے ڈونرز کانفرنس کی میزبانی کرے گا۔
یہ کانفرنس سعودی امدادی ایجنسی شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات، اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی امور اور اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزین کے تعاون سے کی جا رہی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ڈونرز کانفرنس میں ساحل اور جھیل چاڈ بیسن میں انسانی صورتحال کے چیلنجز پر اعلی سطح کا اجلاس بھی ہوگا۔
کانفرنس کا مقصد ساحل اور جھیل چاڈ کے علاقے میں نقل مکانی اور پناہ گزینوں کے بحران کے بارے میں شعور پیدا کرنا، اس بحران اور خطے میں مستقبل کے کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لیے فوری انسانی امداد کے لیے مالی وسائل کو متحرک کرنے سمیت متعدد اہداف حاصل  کرنا ہے۔
او آئی سی نے بیان میں کہا’ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور او آئی سی کے سکریٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ کا کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب متوقع ہے‘۔
یاد رہے کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق ساحل اور جھیل چاڈ کے علاقے میں تقریبا 33 ملین افراد کو فوری طور پر انسانی امداد اور تحفظ کی ضرورت ہے، جن میں اس خطے میں 11 ملین بے گھر افراد اور پناہ گزین شامل ہیں۔

شیئر: