امارات کا بحری جہاز دو ہزار ٹن امدادی سامان لے کر لبنان پہنچ گیا
جمعہ 25 اکتوبر 2024 20:30
اب تک دو ہزار 610 ٹن امدادی سامان لبنان بھیجا جا چکا ہے (فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات کا ایک بحری جہاز جمعے کو لبنانی عوام کے لیے امداد لے کر بیروت کی بندرگاہ پہنچا ہے، جس پر دو ہزار ٹن امدادی سامان موجود ہے۔
وام کے مطابق یہ امداد لبنان میں جاری بحران کے دوران امارات کی جانب سے فراہم کی جانے والی مسلسل انسانی امداد کا حصہ ہے۔
اس کے علاوہ اب تک 14 طیاروں کے ذریعے 610 ٹن امدادی سامان بھیجا جا چکا ہے۔
یہ اقدام قومی امدادی مہم ’متحدہ عرب امارات لبنان کے ساتھ کھڑا ہے‘ کا حصہ ہے جو جس کا آغاز 8 اکتوبر کو عالمی ادارہ صحت، اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزین اور انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اینڈ ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز کے تعاون سے ہوا تھا۔
امارات کے معاون وزیر سلطان محمد الشمسی نے بتایا’ بحری جہاز پر ایک ہزار ٹن خوراک اور ایک ہزار ٹن امدادی اور شیلٹر کا سامان موجود ہے۔ اب تک دو ہزار 610 ٹن امدادی سامان لبنان بھیجا جا چکا ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا’ حالیہ امداد موجودہ چیلنجوں کے دوران امارات کی لبنانی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار ہے‘۔
یاد رہے امارات کے صدر صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے لبنان کی عوام کو فوری طور پر 100 ملین امریکی ڈالر کا امدادی پیکج فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔