Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 ہلال احمر نے مکہ ریجن میں 3 ماہ میں 68 ہزار سے زیادہ ایمرجنسی کیسز کو ہینڈل کیا

ایمبولینس سروس کے لیے 997 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ (فوٹو سبق)
سعودی ہلال احمر اتھارٹی نے کہا ہے کہ 2024 کی تیسری سہ ماہی کے دوران مکہ مکرمہ ریجن میں ہنگامی کیسز کی تعداد 68450 تک پہنچ گئی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ہلال احمر اتھارٹی کا کہنا ہے کہ علاج کے بعد تمام کیسز تسلی بخش رہے۔ جو اتھارٹی کی بڑی کامیابی ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ 30507 بیمار کیسز کا علاج کیا گیا جبکہ حادثات سے متاثرین جن کا علاج کیا گیا ان کی تعداد 19183 رہی۔ اسی طرح دیگر کیسز کی تعداد 18760 رہی۔
اتھارٹی نے بتایا کہ تمام ایمرجنسی کیسز کو ایمبولینس ٹیموں نے اپنے کارکنان کی مدد سے جدید آلات اور مشینوں کے ذریعے ابتدائی طبی امداد بھی فراہم کی۔
ہلال احمر اتھارٹی کا کہنا ہے کہ تین ماہ کے دوران ایمرجنسی کیسز کو ہینڈل کرنے کے حوالے سے مکہ مکرمہ ریجن میں جدہ گورنریٹ میں 28989 کیسز  کے ساتھ  پہلے، مکہ مکرمہ شہر 26792 کیسز کے ساتھ دوسرے اور طائف 12669 کیسز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ایمبولینس سروس کے لیے 997 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے یا موبائل ایپ ’ہیلپ می‘ کے ذریعے مدد طلب کی جا سکتی ہے۔
مکہ ریجن میں سعودی ہلال احمر اتھارٹی آفات اور ہنگامی بحرانوں سے نمٹنے کے لیے جدید ترین ایمبولینس ٹیکنالوجی سے لیس بیڑے کی مالک ہے ان میں ایمبولینسوں کے علاوہ گالف کارٹس، موٹر سائیکلیں، سکوٹرز شامل ہیں۔ 
مکہ مکرمہ ریجن میں ہنگامی مراکز کی تعداد 98 ہے یہ مراکز 24 گھنٹے کام کرتے ہیں۔ ان میں مکہ مکرمہ میں 38، طائف میں 24 اور جدہ میں 36 مراکز ہیں۔ جہاں ہر وقت ماہر ڈاکٹروں، دیگر عملے اور ہنگامی میڈیکل ایمبولینس ٹیکنیشنز کی ٹیمیں موجود رہتی ہیں۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: