ریاض سیزن میں چڑیا گھر کی واپسی، برڈ شو اور بہت کچھ
مختلف اقسام کے 1400 سے زیادہ جانوروں کا گھر ہے۔ (فوٹو ریاض سیزن ایکس اکاؤنٹ)
ریاض سیزن 2024 کی سرگرمیوں کے حصے کے طور پر ریاض چڑیا گھر بدھ 30 اکتوبر سے واپس آرہا ہے۔ وزیٹرز کو مزید انٹرایکٹو اور تعلیمی تجربات فراہم کیے جائیں گے۔
اخبار 24 کے مطابق ریاض چڑیا گھر خاندانوں کا خیرمقدم کرنے کو تیار ہے اور یہاں ہر کسی کے لیے کچھ نہ کچھ ہوگا۔
وزیٹر ’وی بک‘ پلیٹ فارم کے ذریعے ٹکٹ حاصل کرسکتے ہیں۔ یہاں وہ قدرتی ماحول میں رہنے والے جانوروں کو دیکھ سکیں گے۔ ان تجربات میں ’کروک کیو‘ شامل ہے جہاں ایک محفوظ پلیٹ فارم سے مگر مچھوں کو دیکھنے کا غیر معمولی موقع فراہم ہوگا۔
جہاں تک پرندوں کا تعلق ہے یہاں ایک کھلے ہال میں مختلف اقسام کے غیرملکی پرندے رکھے جائیں گے۔ وزیٹرز انہیں دیکھ سکیں گے اور کھانا کھلا سکیں گے۔ اس کے علاوہ کینگرو سکوائر میں وزیٹرز کو آسٹریلوی کینگرو کو دیکھنے کا موقع ملے گا۔ جو یہاں آنے والے لوگوں کے تجربات میں اضافہ کرے گا۔ اس کے علاوہ لوگ ان منفرد جانوروں کے ساتھ تصاویر بھی لے سکیں گے۔
یہ پارک روزانہ صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کھلا رہے گا۔ یہ پارک 161 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے یہاں مختلف اقسام کے 1400 سے زیادہ جانوروں کا گھر ہے۔ یہاں سیلز آؤٹ لیٹس اور موبائل فوڈ ٹرکس بھی وزیٹرز کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے موجود ہوں گے۔
پارک میں ایک نیا برڈ شو پیش کیا جائے گا جہاں پرندے دلچسپ اور تفریحی شوز میں اپنی مہارت اور ذہانت سے آنے والے وزیٹرز کو حیران کریں گے۔
اسے انٹرایکٹو سرگرمیاں فراہم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے جو دیکھنے والوں کو فطرت اور جانوروں کی زندگی کو سمجھنے میں مدد دے گا۔
ریاض سیزن میں ہرعمر کے شائقین کو خوش کرنے کی چیزیں موجود ہیں جس سے پارک ایک مہم جوئی سے بھرپور دن گزارنے کے لیے مثالی مقام بن جائے گا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں