قصیم ریجن میں لوگوں کی اوسط عمر میں اضافہ
جمعرات 7 نومبر 2024 17:45
گورنرقصیم نے ریجن میں 54 صحت سروسز کا افتتاح کیا(فوٹو، ایس پی اے)
وزیرصحت فہد الجلاجل کا کہنا ہے کہ قصیم ریجن میں لوگوں کی اوسط عمر میں مملکت کے دیگر علاقوں کی بہ نسبت اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق گورنرقصیم شہزادہ فیصل بن مشعل بن سعود نے 52 صحت منصوبوں کا افتتاح کیا جس کی لاگت 456 ملین ریال ہے۔
گورنریٹ میں منعقدہ منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر قصیم نے کہا کہ شہریوں اور یہاں مقیمین کے لیے فراہم کی جانے والی صحت خدمات کے معیار کو بہتر بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔
شہزادہ فیصل بن مشعل کا مزید کہنا تھا کہ ریجن میں صحت منصوبوں کا قیام اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ہماری اعلی قیادت کے پیش نظر لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر اور انہیں ہرممکن سہولیات کی مستقل بنیادوں پر فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ صحت کے نئے منصوبوں کی تکمیل کے بعد علاقے میں لوگوں کو مثالی سہولتیں میسر آئیں گی۔
قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت فہد الجلاجل نے گورنر قصیم کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے عظیم الشان صحت منصوبوں کے قیام کو عملی شکل دی گئی۔
وزیر صحت کا مزید کہنا تھا کہ ریجن میں پیش کی جانے والی صحت خدمات کے معیار سے علاقے کے لوگ مطمئن ہیں جبکہ گزشتہ برس کے مقابلے میں مریضوں کو دوسرے علاقے میں بھیجنے کے تناسب میں بھی 30 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے جو اس بات کی دلیل ہے کہ یہاں صحت پروگراموں پربہتر انداز میں کام کیا گیا۔