’ آپکا بچہ مسجد الحرام میں محفوظ‘، عنوان سے انتظامیہ کی سروس
’ آپکا بچہ مسجد الحرام میں محفوظ‘، عنوان سے انتظامیہ کی سروس
منگل 12 نومبر 2024 18:31
مختلف مقامات کی نشاندہی کے لیے ڈیجیٹل نقشے کی سہولت بھی موجود ہے(فوٹو، ایکس
مسجد الحرام میں زائرین کی سہولت کے لیے ڈیجیٹل خدمات میں اضافہ کردیا گیا ۔ حرم شریف میں موجود مختلف مقامات اور سروسز کی معلومات کے لیے ڈیجیٹل نقشہ فراہم کیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق حرمین شریفین کی انتظامیہ کی جانب سے مسجد الحرام میں زائرین کے لیے خدمات کی مسلسل فراہمی کا سلسلہ نہ صرف جاری ہے بلکہ انہیں عصری تقاضوں سے ہم آہنگ بھی کیا جارہا ہے۔
انتظامیہ نے مسجد الحرام میں موجود مختلف مقامات پرفراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں معلوم کرنے کے لیے متعدد عالمی زبانوں میں ڈیجیٹل نقشے کی سہولت لانچ کی ہے ۔
مسجد الحرام میں ڈیجیٹل نقشے کے علاوہ راستوں کی نشاندہی کے لیے معلومات بورڈز بھی موجود ہیں تاکہ زائرین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ڈیجیٹل نقشے کے ذریعے مسجد الحرام کے مختلف مقامات کا تعین کیا جاتا ہے جن میں وھیل چیئرز حاصل کرنے کی جگہ ، رہنمائی کے دفاتر، آب زم زم بھرنے کے پوائنٹس، گمشدگی مرکز، وضوخانے اور صحت مرکز کی نشاندہی کی گئی ہے۔
مسجد الحرام کے گیٹ نمبر 3 ’اجیاد‘ اور گیٹ نمبر79 ’شاہ فہد ‘ پر انتظامیہ کی جانب سے بچوں کے لیے مخصوص کڑے فراہم کرنے کی سہولت موجود ہے۔ کڑے میں والدین کا رابطہ نمبر اور اہم معلومات فیڈ درج کی جاتی ہیں۔
اس مہم کو ’آپ کا بچہ مسجد الحرام میں محفوظ ہے‘ کا عنوان دیا گیا ہے۔ بچے کے گم ہونے کی صورت میں انتظامیہ کی ٹیم کڑے پر درج والدین کے نمبر پر فون کرکے ان سے فوری رابطہ کرتے ہیں۔
اس ضمن میں انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسجد الحرام آتے وقت بچوں کے لیے حفاظتی کڑے حاصل کرنا نہ بھولیں ۔