’ابشر‘ پورٹل آج رات سے کل دوپہر تک جزوی طور پربند رہے گا
جمعرات 28 نومبر 2024 19:26
اشر پورٹل کومحفوظ بنانے کے لیے وقتا فوقتا اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے (فوٹو، ایکس اکاونٹ)
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سروسز پورٹل ’ابشر‘ کومعمول کے مطابق اپ ڈیٹ کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے جمعہ کے روز پورٹل کی بعض سروسز بند رہیں گی۔
عاجل نیوز کے مطابق ابشر پورٹل کی انتظامیہ نے ایکس اکاونٹ پر مطلع کیا ہے کہ پورٹل کو اپ ڈیٹ کیے جانے کی وجہ سے بعض سروسز متاثر ہوسکتی ہیں ۔
انتظامیہ کا مزید کہنا تھا کہ جمعرات کی نصف شب کے بعد سے بعض خدمات کام نہیں کریں گی ۔ پورٹل کو اپ ڈیٹ کرنے کے بعد جمعہ کی دوپہر 12 بجے کے بعد کھول دیا جائے گا۔
انتظامیہ نے ابشر صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ضروری معاملات کو مکمل کرلیں تاکہ انہیں کسی قسم کی تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
واضح رہے وزارت داخلہ کی جانب سے امیگریشن اور رہائشی پرمٹ’اقامہ ‘ و دیگر امور کے لیے ڈیجیٹل پورٹل پر خدمات فراہم کی جاتی ہیں ۔
پورٹل کی کارکردگی کو بہتر بنانے کےلیے وقتا فوقتا اسے اپ ڈیٹ کیا جانا ضروری ہوتا ہے تاکہ صارفین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے صارفین کو فراہم کی جانے والی سروسز کی مستقل اور محفوظ فراہمی کے لیے ابشرسسٹم کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کرنے کے لیے اسے اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے جو معمول کی کارروائی ہے۔