مرغیوں کی منتقلی کے ضوابط جاری، یکم جنوری سے عمل درآمد
چوزے اور انڈوں کی منتقلی بھی وینٹری کونسل کی رہنمائی میں کی جائے گی(فوٹو، ایکس )
جانوروں اور پودوں کی بیماریوں کی روک تھام کے قومی مرکز ’وقاء‘ کی جانب سے زندہ مرغیوں کی منتقلی کے لیے نئے ضوابط کا اعلان کیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق مرغیوں ، چوزوں اور انڈوں کی ایک شہر سے دوسرے شہر منتقلی کے لیے مرتب کیے گئے ضوابط پر یکم جنوری سے عمل درآمد کا آغاز کردیا جائے گا۔
قومی مرکز کی جانب سے اس بارے میں جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ زندہ مرغیوں کی ایک شہر سے دوسرے شہر منتقلی کے لیے مرتب کیے گئے ضوابط کا مقصد ان کا تحفظ ہے تاکہ وہ کسی بیماری کا شکار نہ ہوں۔
زندہ مرغیوں کی منتقلی کےلیے ویٹنری کونسل کے تعاون سے پرمٹ حاصل کیا جائے ۔ مقررہ ضوابط کے تحت مرغوں کو منتقل کرنے کے لیے مخصوص گاڑیوں کا استعمال کیا جانا ضروری ہے ۔
واضح رہے مملکت میں پولٹری کی صنعت میں کافی اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔ غذائی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے پولٹری انڈسٹری انتہائی اہم ہے ۔
قومی مرکز نے اس حساس معاملے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے پولٹری صنعت سے منسلک اداروں کی انتظامیہ کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ ضوابط کی سختی سے پابندی کریں۔