دبئی نے 11 ماہ میں 16.79 ملین بین الاقوامی سیاحوں کا خیرمقدم کیا
2023 کے مقابلے میں 9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ (فوٹو الامارات الیوم)
دبئی نے 2024 کے گیارہ ماہ کے دوران 16.79 ملین بین الاقوامی سیاحوں کا خیرمقدم کیا جو 2023 کی اسی مدت کے مقابلے میں 9 فیصد زیادہ ہے، اس دوران 15.37 ملین سیاح دبئی پہنچے تھے۔
دبئی ٹورازم سیکٹر 2024 کی کارگردگی رپورٹ دبئی کے محکمہ اقتصاد اور سیاحت نے جاری کی ہے۔
الامارات الیوم نے جاری کردہ اعدادوشمار کے حوالے سے بتایا بیرونی سیاحوں کے حوالے سے مغربی یورپ پہلے نمبر پر رہا۔ جنوری سے نومبر 2024 کے درمیان ان سیاحوں کی تعداد 3.3 ملین رہی جو کل تعداد کا 20 فیصد ہے۔ جنوبی ایشیا 17 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
جی سی سی ممالک 15 فیصد کے ساتھ تیسرے، آزاد ریاستوں اور مشرقی یورپ 14 فیصد، مشرق وسطی اور شمالی افریقہ سے 1.93 ملین سیاح آئے، شمالی اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے سیاحوں کا حصہ 1.62ملین رہا۔
امریکہ 7 فیصد، افریقہ ا 5 فیصد جبکہ آسٹریلیا کے شہریوں کا دبئی کی سیاحت میں حصہ 2 فیصد رہا۔
نومبر 2024 کے آخر تک دبئی میں 828 ہوٹلوں کے کمروں کی تعداد ایک لاکھ 53 ہزار 390 تک پہنچ گئی جبکہ ایک سال قبل اسی عرصے کے دوران 820 ہوٹلز اور کمروں کی تعداد ایک لاکھ 49 ہزار 685 تھی۔
دبئی کے فائیو سٹار لگژری ہوٹلز کے کمروں کا حصہ 35 فیصد یعنی 168 ہوٹل کے 53.9 ہزار کمرے، فور سٹار کے 28 فیصد، تھری سٹار کا کل ہوٹل مارکیٹ میں حصہ 19.4 فیصد، ہوٹل اپارٹمنٹس کا حصہ 17 فیصد ہے۔
دبئی میں 2024 کے گیارہ ماہ کے دوران ہوٹل کمروں کی بکنگ کی شرح 78 فیصد تک رہی جبکہ ایک سال قبل یہ اوسط 77 فیصد تھی۔
بین الاقوامی سیاحوں نے 2024 میں گیارہ ماہ کے دوران 39.19 ملین راتیں دبئی کی ہوٹلوں میں قیام کیا جبکہ ایک سال قبل یہ قیام 38.01 ملین راتوں کا تھا جس میں 2024 میں 3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اعدادوشمار کے مطابق 2024 میں ایک ہوٹل میں فی کمرے کا یومیہ کرایہ 520 درھم تھا جو ایک سال قبل 510 درھم تھا۔ اسی طرح دستیاب کمروں کا اوسط کرایہ 405 درھم رہا جبکہ ایک سال قبل تک یہ کرایہ 394 درھم تھا۔
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں