نیٹ فلکس کن آئی فونز اور آئی پیڈز پر سپورٹ ختم کر رہا ہے؟
نیٹ فلکس کن آئی فونز اور آئی پیڈز پر سپورٹ ختم کر رہا ہے؟
جمعہ 13 ستمبر 2024 15:47
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
نیٹ فلکس اب آئی او ایس 17 اور آئی پیڈ او ایس 17 سے اوپر سافٹ ویئر کے حامل ایپل ڈیوائسز کو سپورٹ کرے گا۔ (فوٹو: پکسابے)
فلم اور ٹی وی شوز کے معروف او ٹی ٹی پلیٹ فارم نیٹ فلکس نے ایپل کی آئی او ایس 16 اور آئی پیڈ او ایس 16 کے لیے سپورٹ ختم کر دی ہے۔
ٹیک ویب سائٹ میک رؤمرز کے مطابق نیٹ فلکس اب آئی او ایس 16 اور اس سے نیچے کے سافٹ ویئر پر چلنے والے آئی فونز پر اپ ڈیٹس فراہم نہیں کرے گا۔
ساتھ ہی ساتھ آئی پیڈ او ایس 16 اور اس سے نچلے سافٹ ویئرز پر چلنے والے آئی پیڈز پر بھی نیٹ فلکس کی اپ دیٹس موصول نہیں ہوں گی۔
ایپل کے آئی فونز اور آئی پیڈز صارفین کے لیے نیٹ فلکس اب آئی او ایس 17 اور آئی پیڈ او ایس 17 سے اوپر کے سافٹ ویئرز استعمال کرنے والی ڈیوائسز کو سپورٹ کرے گا۔
نیٹ فلکس کی سپورٹ میں نئی اپ ڈیٹس، سافٹ ویئر کے بگ فکسز اور نئے فیچرز شامل ہوا کریں گے۔
ان تمام تفصیلات کے مطابق آئی فون ایکس، آئی فون 8، آئی فون 8 پلس اور اس سے پرانے تمام آئی فونز استعمال کرنے والے صارفین اپنی نیٹ فلکس ایپلی کیشن اپ ڈیٹ نہیں کر پائیں گے۔
اسی طرح آئی پیڈ پرو کی پہلی اور پانچویں جنریشن استعمال کرنے والے صارفین بھی نیٹ فلکس ایپلی کیشن اپ ڈیٹ کرنے سے قاصر ہوں گے۔
ان ڈیوائسز کو استعمال کرنے والے صارفین اب بھی نیٹ فلکس ایپ کے موجودہ ورثن استعمال کر سکیں گے جب تک اسے فرسودہ نہیں کر دیا جاتا۔ لیکن اس میں مزید کوئی خصوصیات یا بگ فکس نہیں دیے جائیں گے۔
تاہم ان پرانے ماڈلز کے مالکان اپنے ڈیوائسز کے براؤزر کے ذریعے نیٹ فلکس تک رسائی حاصل کرنے کے قابل رہیں گے۔
میک رؤمرز کے مطابق اس آنے والی تبدیلی کا حوالہ دینے والے کوڈ سٹرنگز کو نیٹ فلکس ایپ میں دیکھا گیا۔ یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ کون سی اپ ڈیٹ اوپر بتائی گئی ایپل ڈیوائسز کے لیے نیٹ فلکس سپورٹ کو ختم کر دے گی، لیکن یہ دیکھتے ہوئے کہ کوڈ سٹرنگز تازہ ترین ورژن میں موجود ہیں، اس اپ ڈیٹ کو کافی جلد ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔