Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مجھے کنگ نہ کہا جائے۔۔۔ بدقسمتی سے اننگز ختم نہیں کر سکا‘، بابر اعظم

بابر اعظم نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’بدقسمتی سے میں اننگز کو ختم نہیں کر سکا لیکن آج رضوان اور سلمان نے شاندار کھیل کھیلا۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سپرسٹار بیٹر بابر اعظم نے اپنے مداحوں سے درخواست کی ہے کہ انہیں ’کنگ‘ نہ کہا جائے۔
گزشتہ روز تین ملکی ون ڈے سیریز میں جنوبی افریقہ کے خلاف میچ کے بعد بابر اعظم نے میڈیا سے بات کی جس میں انہوں نے اپنی خراب فارم اور مداحوں کی جانب سے دیے گئے ٹائٹل ’کنگ‘ کے بارے میں تذکرہ کیا۔
بابر اعظم نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’بدقسمتی سے میں اننگز کو ختم نہیں کر سکا لیکن آج رضوان اور سلمان نے شاندار کھیل کھیلا۔ ایسی پرفارمنس سے ٹیم کا اعتماد بڑھ جاتا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’پہلے تو مجھے کنگ نہ کہا جائے۔ دیکھتے ہیں لوگ مجھے ریٹائرمنٹ کے بعد کیا کہتے ہیں۔ اوپننگ میری نئی ذمہ داری ہے اور یہ ذمہ داری میں نے ٹیم کی ضرورت کو مدںظر رکھتے ہوئے لی ہے۔‘
سپرسٹار بیٹر مزید کہتے ہیں کہ ’پہلے میں جیسا کھیلا وہ اب ماضی کا حصہ ہے۔ اگر میں پچھلی کارکردگی کو ہی دیکھتا رہوں گا تو میں مستقبل میں پرفارم نہیں کر پاؤں گا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہر دن نئے پلان کے ساتھ نیا چیلنج ہوتا ہے۔ ایسے بڑے ہدف کو کامیابی سے حاصل کرنے سے ہمارا اعتماد بڑھتا ہے۔‘
خیال رہے کہ تین ملکی سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان نے کپتان محمد رضوان اور آل راؤنڈر آغا سلمان کی شاندار سینچریوں کی بدولت جنوبی افریقہ کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔
تین ملکی سیریز کا فائنل جمعے کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی میں کھیلا جائے گا۔

 

شیئر: