العلا اکنامک کانفرنس برائے ترقی پذیر معیشت کا مشترکہ اعلامیہ جاری
جمعرات 20 فروری 2025 9:50
’غیر یقینی کا شکار دنیا میں مضبوط اقتصادی پالیسیوں کو فروغ دینا ترجیح ہونی چاہیے‘ ( فوٹو: سبق)
العلا میں ہونے والی اکنامک کانفرنس برائے ترقی پذیر معیشت کا انعقاد ہوا جس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مشترکہ اعلامیہ سعودی وزیر خزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کی جانب سے جاری کیا گیاہے۔
مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ’ اس بات پر تبادلہ خیال کیا گیاکہ ابھرتی ہوئی معیشتیں کس طرح خطرات سے نمٹ سکتی ہیں اور مستقبل کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں‘۔
’ ایک نمایاں مشترکہ موضوع ہمارے اہداف کو یکجا کرنے کی اہمیت اور ابھرتی ہوئی منڈیوں کی معیشتوں سے نمٹنے اور پائیدار ترقی حاصل کرنے کی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے‘۔
’اس حوالے سےتین اہم نتائج قابل ذکر ہیں، پہلایہ کہ ہم ایک ایسے دور سے گزر رہے ہیں جس میں کئی بنیادی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں، بشمول ٹیکنالوجی، تجارت، موسمیاتی تبدیلی اور سرمایہ کا بہاؤ ‘۔

’ یہ تبدیلیاں عالمی معیشت کی تشکیل نو کر رہی ہیں اور اگرچہ ان تبدیلیوں کا حتمی راستہ ابھی واضح نہیں ہے لیکن ہم جانتے ہیں کہ غیر یقینی کا شکار دنیا میں مضبوط اقتصادی اور مالیاتی پالیسیوں کے ذریعے استحکام کو فروغ دینا بنیادی ترجیح ہونی چاہیے‘۔
’دوسرایہ کہ ابھرتی ہوئی منڈیاں ان تبدیلیوں سے فائدہ اٹھا کر اپنی معیشتوں کو مضبوط بنا رہی ہیں۔ ڈیجیٹلائزیشن کے وسیع پھیلاؤ اور بلند حوصلہ پالیسیوں کے ساتھ، مصنوعی ذہانت کے فوائد سے استفادہ کرنے کے امکانات روشن ہیں‘۔
’ مصنوعی ذہانت کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے سے ابھرتی ہوئی معیشتوں کی پیداواری صلاحیت اور لچک میں اضافہ ہوگا لیکن اس کے لیے ضروری ہوگا کہ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور انسانی سرمائے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اصلاحات کی جائیں‘۔

’تیسرایہ کہ اگرچہ یہ تبدیلیاں بڑے مواقع فراہم کرتی ہیں، ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ بعض ممالک کے پیچھے رہ جانے کے خطرات سے بچا جا سکے‘۔
’ اس کا پہلا اور سب سے اہم دفاع مضبوط قومی پالیسیاں اور اصلاحات ہوں گی جو ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے میں مدد کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ، عالمی برادری بھی ممالک کی معاونت کر سکتی ہے اور بڑھتے ہوئے تفاوت کے خطرے کو کم کرنے میں کردار ادا کر سکتی ہے‘۔