Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شمالی غزہ میں اسرائیل کے حملوں میں دو صحافیوں سمیت 9 افراد ہلاک

فلسطینی حکام نے کہا ہے کہ جنوری کے جنگ بندی معاہدے کے بعد بھی اسرائیل نے درجنوں فلسطینی شہریوں کو ہلاک کیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
غزہ میں اسرائیلی فورسز کے تازہ فضائی حملوں میں دو مقامی صحافیوں سمیت نو افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز نے سنیچر کو فلسطین کے محکمہ صحت کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ ان حملوں میں متعدد فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں۔
یہ حملہ غزہ کے شمالی قصبے بیت لاھیا میں ایسے وقت میں کیا گیا جب حماس کے رہنما مصر میں جنگ بندی کرانے والے ثالث نمائندوں کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہیں۔
فلسطینی حکام نے کہا کہ فضائی حملے میں ایک کار کو نشانہ بنایا گیا۔
عینی شاہدین اور صحافیوں نے بتایا کہ اس کار پر سوار افراد اس قصبے میں ایک تنظیم الخیر فاؤنڈیشن کے تحت خیرانی مشن پر جا رہے تھے اور ان کے ساتھ صحافی اور فوٹو گرافر بھی تھے۔
فلسطینی میڈیا کے مطابق اس حملے میں ہلاک ہونے والوں میں کم از کم تین مقامی صحافی بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب اسرائیل کی فوج نے کہا ہے کہ انہوں نے دو افراد کو نشانہ بنایا جو ’دہشت گرد‘ تھے، وہ ڈرون آپریٹ کر رہے تھے اور قصبے میں موجود اسرائیلی فورسز کے لیے خطرے کا باعث بن رہے تھے۔
اس کے بعد اسرائیلی فورسز ان دیگر افراد کو بھی نشانہ بنایا جو ڈرون کا سامان لے کر اس گاڑی میں سوار ہوئے تھے۔
تاہم اسرائیلی فوج نے یہ واضح نہیں کیا کہ انہیں اس بات کا کیسے پتا چلا کہ یہ مشتبہ افراد ’دہشت گرد‘ تھے اور ان کی فورسز کے لیے خطرہ تھے۔

اس حملے میں ہلاک ہونے والوں میں کم از کم تین مقامی صحافی بھی شامل ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

اس واقعے کے بعد 19 جنوری کو اسرائیل اور حماس کے درمیان ہونے والی جنگ بندی سے متعلق خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے۔
فلسطینی حکام نے کہا ہے کہ جنوری کے جنگ بندی معاہدے کے بعد بھی اسرائیل نے درجنوں فلسطینی شہریوں کو ہلاک کیا ہے۔
حماس نے تازہ ترین صورت حال پر اپنے تبصرے میں اسرائیل پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل نے 19 جنوری کے بعد 150 فلسطینیوں کو ہلاک کیا ہے۔
غزہ کے محکمہ صحت کی جانب سے رپورٹ کیے گئے واقعات کے جواب میں اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ انہوں نے بعض ‘دہشت گردوں‘ کو نشانہ بنایا ہے جو ان کی بری افواج کے مقامات کے قریب بم نصب کر رہے تھے اور ان کے لیے خطرات کا باعث بن رہے تھے۔
واضح رہے کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان 19 جنوری کو ہونے والے جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے کی میعاد دو مارچ کو ختم ہو گئی تھی اور اب اسرائیل جنگ بندی کے دوسرے مرحلے میں جانے سے گریز کر رہا ہے۔

 

شیئر: