Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قطر سمیت تمام ممالک کے عازمین حج کو مطلوبہ سہولتیں مہیا ہونگی

مکہ مکرمہ - - - -- سعودی وزارت حج و عمرہ نے واضح کیا ہے کہ قطر سمیت تمام ممالک کے عازمین حج کو ارض مقدس میں مطلوبہ سہولتیں مہیا ہوں گی ۔ ارض مقدس آمد سے لیکر واپسی تک درکار خدمات فراہم کی جائیں گی ۔ وزارت نے جمعرات کو اعلامیہ جاری کر کے توجہ دلائی کہ قطرسمیت دنیا کے مختلف ممالک سے آنیوالے تمام معتمرین نے امسال جس سہولت و آسانی اور سکون اطمینان کے ساتھ عمرہ ادا کیا ہے اسی سہولت و آسانی اور سکون و اطمینان کے ساتھ فریضہ حج کی سعادت حاصل کریں گے ۔ وزارت نے مزید بتایا کہ قطر کے ساتھ موجودہ سیاسی بحران کے تناظر میں سعودی حکومت یہ اطمینان دلانا ضروری سمجھتی ہے کہ قطر سمیت دنیا کے مختلف ممالک سے حج کیلئے آنیوالوں کا خیر مقدم کیا جائے گا ۔ قطری عوام کسی بھی وقت عمرہ کر سکتے ہیں ۔ عمرہ کیلئے ارض مقدس آنے کیلئے کوئی پابندی نہیں ۔قطر ائیرلائنز کے سوا کسی بھی ائیرلائنز کو استعمال کر کے جدہ یا مدینہ منورہ کا سفر کیا جا سکتا ہے ۔ سعودی حکومت نے قطری عازمین کو جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ائیرپورٹ اور مدینہ منورہ کے امیر محمد بن عبدالعزیز ائیرپورٹ استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ قطر میں مقیم غیر ملکی اور قطری شہری سعودی حکومت اور قطر کے ادارہ امور حج سے اجازت نامے حاصل کر کے آن لائن حج ویزوں پر فضائی راستے سے حج پر آسکیں گے ۔ فضائی کمپنی کا انتخاب قطری حکومت کرے گی اور اس کی منظوری سعودی محکمہ شہری ہوابازی دے گا ۔ قطر ائیرلائنز کے طیارے حج پروازوں کیلئے استعمال نہیں کئے جا سکیں گے ۔ قطری حاجی جدہ اور مدینہ منورہ ہوائی اڈوں سے ہی مملکت پہنچیں گے اور انہی ہوائی اڈوں سے واپسی کا سفر کریں گے ۔ قطر کو ضیوف الرحمن کی تعداد کے حوالے سے مقررہ حج کوٹے کی پابندی کرنا ہو گی ۔

شیئر: