عازمین حادثہ رونما ہونے کی صورت میں تماشائی نہ بنیں
ہنگامی صورتحال کے وقت اپنے خیمے میں رہیں،بارش کے وقت ہائی وولٹیج تاروں کے قریب سے نہ گزریں، محکمہ شہری دفاع
مکہ مکرمہ: محکمہ شہری دفاع نے عازمین کو آگاہ کیا ہے کہ منیٰ میں گیس سیلنڈر کا استعمال ممنوع ہے۔ یہ پابندی عازمین کی سلامتی کیلئے لگائی گئی ہے۔ منیٰ میں صرف ان جگہوں پر کھانا پکانے کی اجازت ہے جنہیں اس کام کیلئے خصوصی طور پر تیار کیا گیا ہو۔ محکمہ شہری دفاع نے عازمین کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سلامتی کیلئے جوہدایات جاری کی جاتی ہیں ان پر عمل کرنا ضروری ہے۔
سلامتی کا پہلا اصول یہ ہے کہ بھیڑ بھاڑ والی جگہوں سے دور رہا جائے اور بھیڑ چھٹ جانے کا انتظار کیا جائے۔ عازمین دھوپ سے بچنے کیلئے ہمیشہ چھتری کا استعمال کریں۔ بھیڑ میں براہ راست دھوپ میں طویل عرصے تک رہنے کے خطرناک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔کوئی بھی حادثہ رونما ہوجائے تو تماشائی مت بنیں۔ تماشائیوں کی بھیڑ امدادی ٹیموں کے کام میں رکاوٹ بننے کے باعث بنتی ہے۔
مکہ مکرمہ، منیٰ اور مشاعر مقدسہ میں دنیا بھر سے عازمین آئے ہوئے ہوتے ہیں۔ بھیڑ کی ان جگہوں میں متعدی بیماریوں کے پھیلنے کا خطرہ رہتا ہے لہذا ہمیشہ ماسک پہننے کا اہتمام کریں کہ اس سے کئی متعدی امراض سے بچا جاسکتاہے جس زمانے میں آپ مشاعر مقدسہ میں ہوں گے اس میں بارش اور سیلابی ریلوں کا امکان ہے۔اس حوالے سے محکمہ موسمیات اور محکمہ شہری دفاع کی ہدایات کو جاننے کے علاوہ ان پر عمل کرنے کی کوشش کریں۔تیز ہوا چلنے کی صورت میں آگ نہ جلائیں۔
زیادہ سے زیادہ پانی پئیں اور صاف پانی کی بوتلیں ہمیشہ اپنے پاس رکھیں۔ہنگامی صورتحال کے وقت اپنے خیمے میں رہیں جب تک حالات معمول پر آجائیں۔بارش کے وقت ہائی وولٹیج تاروں کے قریب سے نہ گزریں۔ مشاعر مقدسہ پہاڑوں کے دامن میں واقع ہیں۔ یہاں بارش کے وقت لینڈ سلائڈنگ کا بھی امکان ہے۔ بارش اور طوفان کے وقت ایسی جگہ نہ کھڑے ہوں جہاں لینڈ سلائڈنگ کا امکان ہو۔ جہاں کہیں لینڈ سلائڈنگ ہو ، کوئی حادثہ رونما ہو، کوئی زخمی ہوجائے یا کوئی اور غیر معمولی واقعہ پیش آجائے تو فوری طور پراہلکاروں کو مطلع کریں۔
سیلابی ریلوں کے وقت محفوظ مقامات میں پناہ لیں اور سیلابی ریلے کا پانی اگر گھٹنے سے اوپر ہو تواس میں مخالف سمت چلنے کی کوشش نہ کریں۔ کھانے پینے کے معاملے میں احتیاط برتیں اور ٹھیلوں اور گشتی دکانوں سے کھانا کھانے سے حتی المقدوس اجتناب کریں۔ سعودی عرب میں ڈبوں میں بند کھانے پینے کی تمام چیزوںپر اکسپائری ڈیٹ لکھی ہوئی ہے۔ کھانے پینے کی اشیاء استعمال کرنے سے پہلے تاریخ ضرور دیکھ لیں۔