حاجیوں نے دوسرے دن جمرات کو کنکریاں ماریں
منیٰ:حجاج کرام نے دوسرے دن کی رمی بخیر و خوبی مکمل کی، کل اتوار کو تینوں شیطانو ںکو رمی کرنے کے بعد حجاج کرام کی بڑی تعداد غروب آفتاب سے قبل مکہ مکرمہ روانہ ہوجائے گی ۔ تفصیلات کے مطابق بیرون و اندرون مملکت سے آنے والے لاکھوں حجاج کرام نے دوسرے دن کی رمی مکمل کی۔ اس دوران کسی قسم کی ہنگامی صورتحال کا سامنا نہیں کرنا پڑا ۔ جمرہ کی توسیع سے حجاج کرام کو کافی سہولت ہو گئی ہے جبکہ مختلف ممالک سے آنے والے حجاج کرام کوگروپس اور مختلف اوقات میں منظم اندا زمیں رمی کا پروگرام مرتب کرنے سے جمرہ میں ہونے والا غیر معمولی ازدحام نہیں رہتا۔ حجا ج کرام با آسانی اپنے اپنے اوقات کے مطابق رمی کر کے واپس اپنے خیموں میں چلے جاتے ہیں۔ جمرہ کے پاس قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار بڑی تعداد میں موجود تھے جو اس بات کا خاص خیال رکھتے ہیں کہ آنے والے راستے سے کسی کو واپس جانے نہ دیا جائے کیونکہ اس سے کافی مشکل صورتحال پیدا ہو سکتی ہے ۔ جمرہ پر اداروں کے اہلکار و ںکی جانب سے حجاج کی مسلسل نگرانی جاری رہی۔وہاں ہلا ل الاحمر اور محکمہ شہری دفاع کے اہلکار بھی موجود ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی حالت میں فوری طور پر امداد ی کارروائی کی جاسکے ۔