شکشا متروں کو 6،7 ہزار دے کر پاس کرانے کا انکشاف
بلرام پور۔۔۔۔۔۔شکشامتروں کے معاملے میں حکومت کی طرف سے ابھی کوئی فیصلہ بھلے ہی نہ لیا گیا ہو لیکن کوچنگ مالکان انہیں ٹی ای ٹی پاس کرانے کا ٹھیکہ لینے میں ضرور مصروف ہوگئے ہیں۔ 6 سے 7 ہزار روپئے میں ٹی ای ٹی پاس کرانے کی گارنٹی لی جارہی ہے۔ فیل ہونے پر انہیں پیسہ واپس کئے جانے کا دعویٰ بھی کیا جارہا ہے۔ سینٹر سربراہ بینر پوسٹر کے ذریعے اس کی تشہیر کرنے میں مصروف ہیں۔ افسران اس سے بے خبر ہیں۔ سپریم کورٹ سے انضمام ردّ ہونے سے ضلع کے ڈیڑھ ہزار سے زیادہ شکشامتر متاثر ہوئے۔ ان کو ٹی ای ٹی پاس کرنے کی لازمیت کے مدنظر کوچنگ مالکان کی آنکھوں میں چمک سی آگئی ہےاور ٹی ای ٹی پاس کروانے کا جال پھینک رہے ہیں۔ حکومت نے 15 اکتوبر تک امتحان کرانے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اس کے لئے15 ستمبر تک رجسٹریشن ہونا ضروری ہے۔ اسے لے کر کوچنگ والے سرگرم ہوگئے ہیں۔ شہر میں ایسے12کوچنگ انسٹی ٹیوٹ کے سامنے وہ چوک چوراہے پر بینر و پوسٹ لگ گئے ہیں۔ پمفلٹ بانٹ کر ٹی ای ٹی امتحان گارنٹی سے پاس کرانے کا دعویٰ کیاجارہا ہے۔ اس کے لئے6 سے 7 ہزار روپئے فیس بھی مقرر کردی گئی ہے۔ امیدوار کے پاس نہ ہونے پر پوری رقم واپس کرنے کی بات بھی پمفلٹ میں تحریر ہے۔