جدہ ، مدینہ منورہ ، قصیم .... مملکت میں آج سے تعلیمی سرگرمیاں شروع ہو رہی ہیں ۔ موسم گرما کی طویل سالانہ تعطیلات کے بعد وزارت تعلیم کی زیر نگرانی کام کرنے والے تمام تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل کا باقاعدہ آغاز ہو جائے گا ۔ تفصیلات کے مطابق مملکت میں قائم تمام تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کا آغاز یکم رمضان المبارک سے ہوا تھا ۔قصیم ریجن کے ادارہ تعلیم کے مطابق موسم گرما کی سالانہ تعطیلات کے بعد باقاعدہ تدریس کا عمل شروع ہو رہا ہے جس کےلئے تمام اسکولوں میں انتظامات گزشتہ ہفتے ہی مکمل کر لئے گئے تھے ۔ ریجن میں ایک لاکھ 86ہزار طلباءہیں جبکہ اسکولوں کی تعداد 1726 ہے ۔ ریجنل ادارہ تعلیم کے ذمہ دار کا کہنا ہے کہ تمام اسکولوں میں درکار ضروری اشیاءگزشتہ ہفتے ہی مہیا کی جا چکی ہیں جبکہ عمارتوں میں صفائی کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے ۔ وزارت تعلیم کی جانب سے مملکت کے تمام ذیلی اداروں کو ہدایت کی جا چکی ہے کہ تدریسی عمل روز اول سے ہی شروع کر دیاجائے ۔ اس ضمن میں ریجنل ڈائریکٹر ایجوکیشن عبداللہ الرکیان کا کہنا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ نسل نو کو بہتر سے بہتر تعلیم مہیا کی جائے جس کےلئے حکومت کی جانب سے بہترین سہولتیں مہیا کی جاتی ہیں ۔ دوسری جانب مدینہ منورہ میں محکمہ تعلیم کے ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ ریجن کے تمام اسکولوں میں صفائی کے انتظامات گزشتہ ہفتے ہی کر لئے گئے تھے ۔ طلباءکی آمد کے ساتھ ہی تدریسی عمل شروع ہو جائیگا ۔ دریں اثناءجدہ میں محکمہ ٹریفک کی جانب سے اس امر کی یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ شہر میں شاہراہوں پر ٹریفک روانی برقرار رکھنے کےلئے اضافی عملہ بھی متعین کر دیا گیا ہے تاکہ اسکول جانے والے طلباءکو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ واضح رہے جدہ میں انٹرنیشنل کمیونٹی اسکولز جو مختلف ممالک کے سفارتخانوں کی زیر نگرانی کام کرتے ہیں وہاں تدریسی عمل کا آغاز گزشتہ ہفتے سے کیا جاچکا ہے ۔