ڈرائیونگ لائسنس میں 8پہلی عرب خواتین
جمعرات 28 ستمبر 2017 3:00
ریاض.... خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کی منظوری کے بعد مقامی، علاقائی اور بین الاقوامی خبررساں اداروں کی توجہات کا محور خواتین اور ڈرائیونگ لائسنس بن گئے۔ خبررساں اداروں نے تاریخ میں سب سے پہلے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے والی 8عرب خواتین کے نام دریافت کئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ سب سے پہلا ڈرائیونگ لائسنس ایک مصری خاتون نے حاصل کیا۔انہوں نے اندرون و بیرون ملک گاڑیاں چلا ئیں۔ بتایا جارہا ہے کہ 1920ءمیں عباسیہ احمد فرغلی نے اب سے 97برس قبل ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیاتھا۔ یہ پہلی عرب خاتون ہیں جنہوں نے ڈرائیونگ لائسنس لیا۔ خلیج کے علاقے میں بحرین کی فاطمہ الزیانی کو 1945ءمیں منامہ میں کار چلاتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ وہ خلیج کی پہلی خاتون ہیں جنہوں نے لائسنس حاصل کرکے کار چلائی۔بعض لوگوں کا دعویٰ ہے کہ لبنان کی سلوی العمران وہ پہلی خاتون ہیں جنہوں نے بحرین میں گاڑی ڈرائیو کی تھی۔ یہ واقعہ 1954ءکا بتایا جاتا ہے۔ عراق میں امینہ علی صائب نے 1936ءاور سوڈان میں آمنہ عطیہ نے 1945ء، امارات کی موزة نے 1976ءاور کویت کی شیخہ بدریہ سعود الصباح نے پہلی بار لائسنس حاصل کیا۔