جدہ ..... پولیس نے غیر ملکیوں کو لوٹنے والے گروہ کو گرفتا رکر لیا ۔ یمنی ملزمان خود کو قانون نافذ کرنے والے ادارے کا اہلکار ظاہر کیا کرتے تھے ۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے مسروقہ پولیس اہلکار کی وردی بھی برآمد ہوئی ۔ عکاظ اخبار کی رپورٹ کے مطابق پولیس کو ایک غیر ملکی نے اطلاع دی کہ4 نامعلوم افراد نے اسے روکا اور اسکی تلاشی لینے کے بعد جیب میں رکھی تمام رقم اور موبائل فون لے کر بھاگ گئے ۔ غیر ملکی کا کہنا تھا کہ ملزمان میں ایک پولیس کی وردی میں تھا ۔اسی طرح کی دوسری رپورٹ بھی النزلہ کے تھانے میں ایک پاکستانی تارک وطن کی جانب سے درج کروائی گئی ۔ دوسری رپورٹ بھی پہلی سے ملتی جلتی تھی ۔ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لئے خفیہ اہلکاروں کی خدمات حاصل کی جنہوں نے ملزمان کو گرفتار کرنے کےلئے سب سے پہلے انکی گاڑی کے بارے میں معلومات حاصل کی جس میں انکشاف ہو ا کہ جو گاڑی وہ گروہ استعمال کرتا تھا وہ مسروقہ تھی اور اسکے بارے میں پولیس میں رپورٹ درج کروائی گئی تھی ۔ پولیس نے گاڑی کی تلاش شروع کر دی جسے شہر کے ایک علاقے سے تحویل میں لے لیا گیا جسے غیر ملکی شخص چلا رہا تھا ۔ تفتیش کے دوران ملزم نے اپنے دیگرساتھیوں کی بھی نشاندہی کر دی ۔ پولیس نے چاروں ملزمان کو گرفتا ر لیا ۔ پولیس وردی کے بارے میں گرفتار ملزم نے بتایا کہ وہ اس نے حراج سواریخ کی ایک لانڈری سے چرائی تھی جسے پہن کر وہ خود کو قانون نافذکرنے والے ادارے کا اہلکار ظاہر کرتاتھا۔