تبوک ، ریاض ..... خواتین کو مملکت میں ڈرائیونگ کی اجازت ملنے کے بعد گاڑیوں کی قیمتو ں میں اضافہ جبکہ ٹیکسیوں کی طلب میں کمی ہونے کی توقع کی جارہی ہے ۔ عکاظ اخبار نے اس حوالے سے ایک سروے رپورٹ شائع کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایوان شاہی کی جانب سے مملکت میں خواتین کو گاڑی چلانے کی اجازت دی گئی ہے جس پر آئندہ چند ماہ میں عمل ہو جائے گا ۔ قانون کے مطابق خواتین کو باقاعدہ ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے جائیں گے جس کےلئے متعلقہ اداروں کی جانب سے تیاریاں مکمل کی جارہی ہیں ۔ سروے میں باخبر ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ اب تک 1470 سعودی خواتین نے اردن سے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر لئے ہیں جو اس امر کی وضاحت کرتے ہیں کہ سعودی خواتین اس فیصلے کا کتنی بے چینی سے انتظار کر رہی تھیں ۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ چند برس میں کویت کے محکمہ ٹریفک کی جانب سے 6 ہزار 541 خلیجی ریاستوں کی خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے جا چکے ہیں جن میں زیادہ تعداد سعودی خواتین کی ہے ۔ ٹریفک قوانین کے مطابق وہ خواتین جن کے پاس دیگر ممالک کے ڈرائیونگ لائسنس ہونگے انہیں ڈرائیونگ اسکول میں داخلہ لینے کی ضرورت نہیں ہو گی ۔ سروے میں مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ برس کے دوران مملکت میں گاڑیوں کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی دیکھنے میں آرہی تھی جبکہ حالیہ فیصلہ کے بعد اس میں بہتری کی توقع ہے ۔ خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت ملنے کے بعد اب مملکت میں گاڑیوں کا کاروبار جو تنزلی کا شکار تھا میں اچانک تیزی آجائے گی جبکہ اس کے برعکس مملکت کے مختلف شہروں میں ٹیکسیوں کی طلب میں کمی ہو سکتی ہے علاوہ ازیں گھریلو ڈرائیور وں کی طلب بھی کم ہو سکتی ہے ۔ اس حوالے سے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کا بھی کہنا ہے کہ ایوان شاہی کی جانب سے مملکت میں خواتین کو گاڑی چلانے کی اجازت کے کافی مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ گاڑیوں کی مارکیٹ جس کا شمار اہم مارکیٹوں میں ہوتا ہے پر بھی مثبت اثرات مرتب ہونگے ۔ دوسری جانب ماہرمعاشیات کا کہنا ہے کہ خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت ملنے سے مقامی مارکیٹ پر مثبت اثرات مرتب ہونے کے قوی امکانات ہیں خاص کر گاڑیوں سے متعلق صنعت میں تیزی آنے کا امکان ہے ۔ ماہرین نے مزید کہا ہے کہ آئندہ برس ماہ جون سے گھریلوڈرائیوروں کی طلب میں بھی کافی کمی ہو جائے گی جس کا بنیادی سبب خواتین کی ڈرائیونگ ہو گی ۔