Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قومی اتحاد و یکجہتی ترقی کی ضمانت ہے، امام مہدی سلفی

    جودھپور۔۔۔۔۔۔ قرآن کریم انسانوں کو اللہ اور بندوں سے جوڑتا ہے۔ رنگ، نسل، زبان اور علاقے کی ہر تفریق کو اسلام مٹاتا ہے۔  مجھے خوشی ہے کہ مارواڑ مسلم ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی جودھپور کے ذمے داروں نے جودھپور شہر سے بہت دور جنگل میں یہ علمی ادارہ قائم کیا ہے جو کہ نئی نسل کی تعلیم و تربیت کا گراں قدر کام انجام دے رہاہے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر اصغر علی امام مہدی سلفی نے کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پروفیسر اخترالواسع کی سربراہی میں مولاناآزاد یونیورسٹی اور اس سے وابستہ طلبہ و طالبات دن دونی رات چوگنی ترقی کریں گے۔ اصغرعلی امام مہدی سلفی نے قومی اتحاد و اتفاق اور یکجہتی  برقرار رکھنے پر زور دیا۔  آزاد یونیورسٹی جودھپور کے صدر پروفیسر اخترالواسع نے کہا کہ آج ہم ایک ایسی شخصیت کا انتخاب کر رہے ہیں جس نے کاشی سے مدینے تک اپنا تعلیمی سفر پورا کیا ہے۔ جنہوں نے عربی کی امہات الکتب کی ترتیب، تدوین اور ترجمے کا بڑاکام کیا ہے جس نے مرکز جمعیت اہلحدیث کے ناظمِ اعلیٰ کے طور پر فرقہ پرستی، دہشتگردی اور مسلکی منافقت کے خلاف منظم اور منصوبہ بند مہم چھیڑ رکھی ہے۔ پروفیسراخترالواسع نے کہاکہ مولانا آزاد یونیورسٹی ایک ایسا ادارہ ہے جو اُن تک تعلیم کے ثمرات کو پہنچا رہا ہے جن کی پہنچ سے تعلیم باہر ہے اس لئے ضرورت ہے کہ سب مل جل کر آگے آئیں اور اس ادارے کی ترقی میں ہاتھ بٹائیں۔مہمانوں کا استقبال مارواڑمسلم ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئرسوسائٹی جودھپور کے جنرل سیکریٹری  محمد عتیق نے کیا۔ اس موقع پر ایک اور نوجوان مہمان مولانا اظہر سلفی نے تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔سوسائٹی کے سابق صدر شبیر احمد خلجی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ دیگر حاضرین میں طلبا و طالبات کے علاوہ حاجی عباداللہ قریشی، عبدالحفیظ (مکرانہ)،   محمد رفیق بیلم(کوٹہ)، رفیق احمد موجودتھے۔اس موقع پر پروفیسر اخترالواسع اور دیگر شرکاء نے  علامہ محمود شاکر کی مشہورِ زمانہ کتابِ سیرت جس کا ترجمہ اصغر علی امام مہدی نے’’ رسولِ رحمت   ‘‘کے نام سے کیا ہے، کی رسمِ اجرا نجام دی۔

شیئر: