Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان کا بدعنوانی کے خلاف اعلان جنگ نیک شگون ہے

 اسلامی دنیا کےلئے قابل تقلید اقدام ہے، سابق پاکستانی وزیرمحمد علی درانی
اسلام آباد ( یوسف بلوچ) سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات محمد علی درانی نے کہا ہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا بدعنوانی کے خلاف اعلان جنگ امت مسلمہ کےلئے نیک شگون اور اسلامی دنیا کے لئے قابل تقلید اقدام ہے۔ انہوںنے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ قانون سے کوئی بالاتر نہیں ۔ درانی نے کہاکہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں انسداد بدعنوانی کے ادارے کا قیام معاشرے سے کرپشن کے خاتمے اور بلاامتیاز قانون کی حکمرانی کےلئے سعودی حکومت کے پختہ عزم کا اظہارہے۔ اس ادارے نے کرپشن کے خلاف اعلیٰ ترین سطح پر بھرپور ایکشن سے مثال قائم کرکے اسلامی دنیا کو رہنمائی فراہم کی ہے۔ پوری دنیا کے لئے یہ واضح پیغام ہے کہ مسلمان بدعنوانی سے اتنی ہی نفرت کرتے ہیں جس قدر دہشت گردی اور انتہا پسندی سے۔ سعودی اقدام سے امت مسلمہ بھی کرپشن اور کالے دھن کے خلاف پہلے سے موجود عالمی اتحاد کا حصہ بن گئی ہے۔ ولی عہد محمد بن سلمان کے اقدام سے سعودی عرب کا مثبت چہرہ عالمی برادری کے سامنے آیا ہے۔ درانی نے کہاکہ اکثر اسلامی ممالک کے عوام اپنے حکمرانوں کی بدترین لوٹ مار کی سزا بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایسے وقت میں سعودی قیادت کے اس جراتمندانہ اقدام کی پاکستان کے عوام بھرپور تائید وحمایت کرتے ہیں کیونکہ بدانتظامی اور بدعنوانی ہمارے تمام مسائل کی جڑ ہے۔ سابق وفاقی وزیرنے سعودی علماء کو حکومتی اقدامات کی تائید اور کرپشن کو دہشت گردی جیسا بدترین فعل قرار دینے پر خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ پوری اسلامی دنیا میں علماءکرام اس موقف کی تائید کرتے ہوئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ 

شیئر: