Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسلم منحرفین کی طرح تمام مذاہب میں انتہا پسند موجود ہیں، رابطہ عالم اسلامی

برلن.... رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد العیسیٰ نے واضح کیا ہے کہ مسلم منحرفین کی طرح تمام مذاہب میں انتہا پسند پائے جاتے ہیں۔ انتہا پسندی کسی ا یک مذہب کے ساتھ مخصو ص یا محدود نہیں۔ وہ جنوبی افریقہ کے شہر ڈربن میں رابطہ عالم اسلامی کے زیر اہتمام بین الاقوامی تمدنی فورم کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ ڈاکٹر العیسیٰ نے توجہ دلائی کہ انتہا پسندی کو ناحق اسلام سے جوڑ دیاگیا ہے۔ اسلامی فقہ کے ماہرین قرآنی آیات اور احادیث مبارکہ کی تفہیم اور تشریح و توضیح مقررہ علمی اصولوں کے مطابق کرتے ہیں ۔ آیات و احادیث کے فہم میں ماہرین کے درمیان اختلافات خالص علمی بنیاد اور اصولی ہوتا ہے اس کا انتہاپسندی سے کوئی تعلق نہیں۔ البتہ انتہاپسند عناصر قرآنی آیات و احادیث مبارکہ کا مفہوم اپنے مزاج اور ذاتی و جماعتی و گروہی فہم کے مطابق طے کرکے معاشرے میں انتشار پیدا کرتے ہیں۔ پوری مسلم دنیا انتہا پسندانہ افکار کو اسلام مخالف مان کر مسترد کئے ہوئے ہے اور کررہی ہے۔ ماہرین فقہ میں اختلافات ایک دوسرے کی فہم کے احترام کا تقاضا کرتے ہیں ، کوئی بھی فقہی مسلک دوسرے فقہی مسلک کے فہم کو ماننے پر شرعاً مجبور نہیں۔ ڈاکٹر العیسیٰ نے توجہ دلائی کہ اسلام نے مشترکہ انسانی خاندان کا تصور پیش کیا ہے اسے فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ اسلام متمدن معاشرے کی تشکیل میں ایک دوسرے سے تعاون اور ایک دوسرے سے محبت کا علمبردار دین ہے۔ ڈاکٹر العیسیٰ نے یہ بھی بتایا کہ مشترکہ انسانی خاندان کے درمیان ہم آہنگی، قربت ، محبت ، الفت اور تعاون کو نقصان پہنچانے اور متاثر کرنے کی ہر کوشش خلاف شرح ہے، اسلام نے اس کی مزاحمت کا حکم دیا ہے۔ اسلام چاہتا ہے کہ مختلف مذاہب ، نسلوں ، ثقافتوں اور قومیتوں سے منسوب لوگ ایک دوسرے سے تعاون کریں۔ ایک دوسرے کے ساتھ پیار محبت سے پیش آئیں اور باہمی قربت کے رشتے استوار کریں۔ ڈاکٹر العیسیٰ نے کہا کہ رابطہ عالم اسلامی پرامن بقائے باہم اور رواداری کی خاطر اقوام عالم کے درمیان قربت کے فروغ کیلئے عالمی پل قائم کررہا ہے۔ العیسیٰ نے کہا کہ رابطہ عالم اسلامی وسیع البنیاد عالمی شراکت قائم کئے ہوئے ہے، اسلامی اعتدال کی قدروں کا خیرمقدم کرتاہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ رابطے کے اہلکار مذہبی و نسلی بنیادوں پر فلاح و بہبود کے کاموں میں امتیاز نہیں برتتے۔ ڈربن کی بلدیہ کی چیئرپرسن زاندینا رینا نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ رابطہ اسلامی کے اشتراک و تعاون سے متعدد پروگرام اور اسکیمیں نافذ کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ جنوبی افریقہ کے وزیر اقتصاد و ترقی سیج نہ زندیا نے کہا کہ ان کا ملک امن و سلامتی اور ہم آہنگی کے کلچر کو رائج کرنے کے سلسلے میں رابطہ عالم اسلامی کے تجربے سے استفادہ کا مشتاق ہے۔ 
 

شیئر: