الشرقیہ : سعودی خاندان اور 5 ہندوستانی ملاح سمندر میں پھنس گئے تھے، بچالیا گیا
دمام..... مشرقی ریجن میں سعودی کوسٹ گارڈز نے الگ الگ حادثات سے دوچار ایک سعودی خاندان اور پانچ ہندوستانی ملاحوں کو سمندر میں پھنس جانے کی اطلاع ملنے پر امدادی کارروائی کرکے بچالیا۔ تفصیلات کے مطابق ایک کوسٹ گارڈ کے ترجمان احمد العتیبی نے بتایا کہ ایک سعودی شہری ، اس کی بیوی ، بچہ اور بوٹ کا ہندوستانی ملاح زبردست دھند کی وجہ سے سمندر میں پھنس گئے تھے۔ ساحل پر واپسی کی پوزیشن میں نہیں رہے تھے۔ انہوں نے ایمرجنسی فون کرکے مدد طلب کی۔ فوری امدادی ٹیم بھیج کر انہیں بحفاظت ساحل پر منتقل کردیا گیا۔ ایک اور شکایت موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ دمام کنگ عبدالعزیز بندرگاہ کے قریب موجیں توڑنے والے آلے سے بوٹ ٹکرانے پر پانی بوٹ میں بھر گیا، اس کے چار ہندوستانی ملاح گھبرا گئے، انہوں نے مدد طلب کی۔ فوراً ہی انہیں بوٹ سمیت ساحل پر منتقل کردیاگیا۔ سب کی حالت تسلی بخش ہے۔