جمعہ 16فروری2018ء کو مملکت سے شائع ہونیوالے سعودی اخبار عکاظ کا اداریہ نذر قارئین ہے۔
سعودی عرب نے عراق کی تعمیر نو کے منصوبوں اور عراق کیلئے سعودی برآمدات کی فنڈنگ کیلئے ڈیڑھ ارب ڈالر مخصوص کرنے کا اعلان کردیا۔ یہ اعلان خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولیعہدمحترم شہزاد محمد بن سلمان کی ہدایات پر کیا گیا ۔اس اعلان نے ایک بار پھر واضح کردیا کہ سعودی عرب امت مسلمہ اور عربوں کی صلاح و فلاح کے باب میں قائدانہ کردار کا مالک ملک ہے۔ سعودی عرب اور اسکے قائدین انسانیت کی خدمت ، رواداری کی قدروں کے پرچار اور اسلامی ہدایات و تعلیمات کی بناپر فیاضانہ رویے راسخ کرنے میں مکمل یقین رکھتے ہیں۔
عراق کی تعمیر نو میں مدد کا فیصلہ خطے کے امن و استحکام میں معاون ثابت ہوگا۔ یہ سعودی عرب کی اسٹراٹیجک اور اس کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون بھی ہے۔ اس کی بدولت عراق عرب دنیا کا ایک بار پھر حصہ بنے گا۔برسہا برس سے عراق تباہی و بربادی کے دلدل میں پھنسا ہوا ہے۔ ایران کی پے درپے مداخلت اور اس کی توسیع پسندانہ اندھی اسکیمیں عراق ہی نہیں پورے خطے کو تہ و بالا کئے ہوئے ہیں۔عراق کی تعمیر نو میں مدد کی بدولت ہر سطح پر برادر ملک عراق کے ساتھ تعاون کے نئے افق تدریجی طور پر کھلیں گے۔ عراق کے ساتھ سیاسی اقتصادی اور امن و سلامتی کے شعبوں میں تعاون بڑھے گا۔ دوطرفہ اور علاقائی سطحوں پر تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے نئے امکانات روشن ہونگے۔
برادر ملک کویت کی زیر سرپرستی ہونیوالی کانفرنس میں جس فیاضانہ تعاون کا اظہار کیا گیا ہے اور جس میں اقوام متحدہ ، یورپی یونین میں شامل ممالک اور متعدد برادر و دوست ممالک نے موثر شکل میں حصہ لیا اس کی بدولت فتنہ انگیزوں کے راستے بند ہونگے۔ شیطانی سازشوں کا سدباب ہوگا۔ ایرانی ملاؤں کی جانب سے خطے میں کی جانیوالی سازشوں کو روک لگے گی۔یہ کانفرنس تاریخی ثابت ہوگی۔اس کانفرنس نے سعودی عرب سمیت امن کے علمبردار تمام ممالک کو برادر ملک عراق اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے ہردروازہ کھٹکھٹانے کا پیغام دیا ہے۔