مکہ مکرمہ.... جدہ پولیس کے ماتحت جرائم کا سراغ لگانے والے اہلکاروں نے مشاعر مقدسہ کیلئے جعلی حج اجازت نامے تیار کرنے والے 4 عرب تارکین کو گرفتار کرلیا۔ ان کے قبضے سے ایک ہزار جعلی حج اجازت نامے برآمد ہوئے۔ فی اجازت نامہ 500 ریال میں فروخت کرنے کا پروگرام بنائے ہوئے تھے۔ سراغ رسانوں نے جدہ کے بنی مالک محلے کے ایک مکان پر چھاپہ مار کر جعلی اجازت نامے برآمد کئے۔ تفصیلات کے مطابق 200 جعلی حج اجازت نامے فروخت کردیئے گئے تھے ۔ ان کے قبضے سے قربانی کے 400 جعلی کوپن بھی برآمد ہوئے۔ کھانے پینے کیلئے بھی کارڈ تیار کئے گئے تھے ۔ 300 کارڈ پکڑے گئے۔ علاوہ ازیں حجاج کے 600 کڑے بھی برآمد ہوئے ۔ یہ سارا کام بنی مالک کی ایک لیباریٹری میں انجام دیا جارہا تھا۔ جعلساز اپنے گاہک سے اقامے کی فوٹو کاپی ، تصویر اور 500 ریال لے کر جعلی حج اجازت نامہ دے رہے تھے۔ گرفتار شدگان نے اقبال جرم کرلیا۔ انہیں پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا ۔