پاک ہند تعلقات: ’’ایسی حکومت میں ایسا ہی ہوگا‘‘ زرداری
کراچی: پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے بینکنگ کورٹ میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے بعد صحافی کی جانب سے منی بجٹ سے متعلق سوال پر کہا ہے کہ حکومت نے منی بجٹ نہیں، بلکہ منی ڈراما پیش کیا ہے۔ واضح رہے کہ منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کراچی میں بینکنگ کورٹ میں ہوئی۔ اس موقع پر انور مجید کے وکیل نے کہا کہ اکاؤنٹ منجمد ہونے سے ملازمین متاثر ہورہے ہیں، جس پر جج بینکنگ کورٹ کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کی ہدایات کو بھی دیکھنا ہوگا۔ عدالت نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے دیں پھر اکاؤٹنس سے متعلق باقاعدہ سماعت کریں گے ۔
سماعت کے دوران ملزمان کے وکلا نے کہا کہ ایف آئی اے کو حتمی چالان پیش کرنے کا کہا جائے۔ عدالت نے کہا کہ یہ معاملہ اب سپریم کورٹ کے پاس ہے ، ہم ایف آئی اے کو چالان کے لیے ٹائم فریم کا کہہ سکتے ہیں، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 16 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے موقع پر سابق صدر آصف زرداری، فریال تالپور اور انور مجید بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ اس موقع پر صحافی نے آصف زرداری سے سوال کیا کہ پاکستان اور ہندوستان کے تعلقات خراب ہوگئے ، جس پر آصف زرداری نے کہا کہ اس طرح کے ماحول میں یا اس طرح کی حکومتوں میں تو یہی ہوگا۔