اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے یوتھ پروگرام کا چیئرمین عثمان ڈار کو نامزد کردیا ہے، اس حوالے سے ان کے تقرر کا باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم یوتھ پروگرام سے متعلق عمران خان نے کہا کہ نوجوانوں کی نمایندگی کے لیے عثمان ڈار بہترین انتخاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے ملک کے نوجوانوں کے لیے انقلابی اقدامات کیے جائیں گے۔علاوہ ازیں پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے جو اعتماد کیا اس پر پورا اتروں گا۔ وزیراعظم نے نوجوانوں کو صحیح معنوں میں با اختیار بنانے کا ٹاسک سونپا ہے۔ سابق حکومت میں لیپ ٹاپ مہنگے داموں خرید کر قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا، اب مکمل تیاری کے ساتھ نوجوانوں کے لیے زبردست پالیسیاں اور اسکیمیں بنائی جائیں گی۔