سلامتی کونسل نے الحدیدة میں 75مبصر تعینات کردیئے
ریاض۔۔۔۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے الحدیدة شہر میں 6ماہ کیلئے 75بین الاقوامی مبصر تعینات کرنے کی منظوری دیدی۔گزشتہ ماہ سویڈن میں اقوام متحدہ کی زیر نگرانی ہونے والے امن مذاکرات کے دوران طے پانے والی جنگ بندی کی نگرانی کرینگے۔ برطانیہ نے قرارداد کا مسودہ پیش کیا تھا۔ سلامتی کونسل کے تمام ارکان نے اسکی متفقہ منظوری جاری کردی۔ ایران کے حمایت یافتہ حوثی حدیدة شہر اور اسکی اسٹراٹیجک بندرگاہ پر قبضہ جمائے ہوئے ہیں۔ بیشتر تجارتی اشیاءاور امدادی سامان یمن کو اسی بندرگاہ کے راستے پہنچایا جاتا ہے۔ یہ لاکھوں یمنی عوام کیلئے شہ رگ کا درجہ رکھتی ہے۔ حوثی باغی سویڈن معاہدے کے بعد سے الحدیدة سے انخلاءکے سلسلے میں مسلسل آنا کانی کررہے ہیں۔ وہ شہر اور بندرگاہ سے اپنے مسلح عناصر نکالنے پر آمادہ نہیں۔ سلامتی کونسل نے گزشتہ ماہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی درخواست پر مبصرین کی ٹیم حدیدة شہر اور بندرگاہوں کیلئے تعینات کی تھی۔برطانوی قرارداد کے مسودے میں سفارش کی گئی ہے کہ الحدیدة معاہدے کی تقویت کیلئے اقوام متحدہ مشن جلد از جلد تعینات کردیا جائے۔ قرارداد کے مسودے میں رکن ممالک خصوصاً پڑوسی ممالک سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے مشن کو اپنا کردار مطلوبہ شکل میں انجام دینے میں بھرپور تعاون کریں۔